پاکستان سپر لیگ: پلے آف کیا؟ کیوں؟ کیسے؟

0 1,064

پاکستان سپر لیگ کا پہلا سیزن اپنا ابتدائی مرحلہ مکمل کر چکا، پانچ میں سے ایک ٹیم، لاہور قلندرز کی صورت میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے اور اب سب کی نظریں "پلے آف" مقابلوں پر ہیں۔ لیکن یہ "پلے آف" کیا ہے؟ اگر آپ انڈین پریمیئر لیگ یا دنیا بھر میں ہونے والی کسی بھی دوسری لیگ کے مقابلے دیکھتے ہیں تو یہ آپ کے لیے نئی چیز نہیں ہوگی لیکن پھر بھی پاکستانی شائقین کی اکثریت "پلے آف" سے مانوس نہیں کہ یہ کیا "بلا" ہے؟ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے میں ٹاپ یعنی سرفہرست چار ٹیمیں تین مقابلے کھیلیں گی۔ نمبر ایک پشاور زلمی اور نمبر دو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز "پلے آف 1" میں ایک دوسرے کے مقابلے ہوں گے۔ اس زبردست مقابلے کو جیتنے والی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرلے گی۔

دوسرا مقابلہ تیسرا نمبر حاصل کرنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ اور قسمت کے بل بوتے پر باہر ہونے سے بچنے والے کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔ اس "پلے آف 2" میں جو ہارے گا وہ تو واپسی کی پرواز پکڑے گا لیکن جیتنے والے کا امتحان بھی ختم نہیں ہوگا۔ اسے "پلے آف 3" میں "پلے آف 1" کی شکست خوردہ ٹیم یعنی پشاور یا کوئٹہ سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ اس مقابلے میں جو جیتے گا وہ فائنل میں "پلے آف1" کے فاتح سے کھیلے گا۔

آپ کے ذہن میں بھی یہی سوال اٹھ رہا ہے نا کہ سیمی فائنل مقابلوں کے بجائے یہ "لمبا چکر" کاٹنے کی آخر کیا ضرورت تھی؟ اس کی وجہ بالکل سادہ سی ہے۔ طویل سیزن کھیلنے کے بعد پہلے دو نمبروں پر آنے والی ٹیمیں اس کی حقدار ہیں کہ انہیں براہ راست ناک-آؤٹ کا سامنا نہ ہو بلکہ ان کے پاس یہاں بھی موقع ہو۔ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ پورے سیزن میں جدوجہد کرنے والی ٹیم سیمی فائنل ہار کر باہر ہو جائے؟ دیکھیں، عالمی کپ 2015ء میں جنوبی افریقہ کے ہارنے کا سب کو کتنا دکھ ہوا تھا؟ اگر پلے آف ہوتا تو جنوبی افریقہ کے پاس پھر بھی موقع ہوتا۔ اسی لیے ٹاپ دو پوزیشنیں حاصل کرنے والی ٹیموں کو موقع ملتا ہے، ایک تو پلے آف جیتنے کی صورت میں براہ راست فائنل تک پہنچنے کا، اور پھر دوسرے پلے آف کے فاتح سے بھی کھیلنے کا، جہاں کامیابی فائنل تک پہنچا سکتی ہے۔

یوں چاروں ٹیموں کو فائنل تک پہنچنے کے اتنے ہی مواقع ملتے ہیں، جیسی اس نے سیزن میں کارکردگی دکھائی ہے۔ زیادہ مقابلے جیتے ہیں تو فائنل تک پہنچنے کے لیے چھوٹا راستہ، اگر کم جیتے ہیں تو لمبا راستہ۔ کیا خیال ہے؟ یہ فارمیٹ اچھا ہے نا؟

PSL-Trophy