اسلام آباد نے کراچی کو اکھاڑے سے باہر پھینک دیا

1 1,057

کراچی کنگز جس طرح قسمت کے بل بوتے پر پلے آف مرحلے میں پہنچا تھا، بالکل ویسے ہی بری طرح شکست کھا کر باہر ہوگیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 'پلے آف2' میں کراچی نہ صرف بلے بازی بلکہ باؤلنگ میں بھی بری طرح ناکام ہوا اور نتیجہ 9 وکٹوں سے یونائیٹڈ کے حق میں نکلا جو اب پلےآف 3 میں پشاور زلمی کا مقابلہ کرے گا۔

دبئی میں گزشتہ روز کوئٹہ-پشاور شاہکار میچ کے بعد دوسرے پلے آف میں انتہائی یکطرفہ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ محمد سمیع کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے کراچی کنگز 20 اوورز میں صرف 111 رنز بنا سکے اور اس کے بعد اسلام آباد کو روک بھی نہیں پائے کہ جس نے ڈیوین اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کی 97 رنز کی شراکت داری کی بدولت 15 ویں اوور ہی میں ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

ٹاس اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق نے جیتا اور کراچی کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی کہ جو آج روی بوپارا کی قیادت میں میدان میں اترا تھا۔ شعیب ملک نے گزشتہ روز قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا اور یہ کہا تھا کہ اس ذمہ داری کی وجہ سے ان کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ قیادت چھوڑنے کے بعد وہ آج صفر پر آؤٹ ہوئے، وہ بھی اس وقت جب 28 رنز پر کنگز کے دو بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔ وکٹ کیپر رکی ویسلز کو کلین بولڈ کرکے محمد سمیع نے جو آغاز لیا، وہ آخر تک رکنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے لوئر مڈل آرڈر کی تو دھجیاں بکھیر دیں جہاں راین ٹین ڈیسکاٹے اور روی بوپارا کے علاوہ انہوں نے عماد وسیم اور اسامہ میر کو بھی آؤٹ کیا اور چار اوورز میں صرف 8 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

Mohammad-Sami

سمیع کی اس شاندار باؤلنگ کے سامنے روی بوپارا کے 37 رنز کے کوئی قابل ذکر مزاحمت نہ ہو سکی بلکہ ان کے علاوہ صرف دو بلے باز ہی دہرے ہندسے میں پہنچ پائے۔ اس بدترین کارکردگی کی وجہ سے کراچی نیلسن یعنی 111 رنز تک ہی محدود ہوگیا۔

اسلام آباد کو 112 رنز کے ہدف تک پہنچنے سے روکنے کے لیے کراچی کنگز کو غیر معمولی کارکردگی کی ضرورت تھی، جو وہ نہ دکھا سکا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ 18 رنز پر شرجیل خان کی وکٹ لینے کے علاوہ وہ کسی کو آؤٹ نہ کرسکا۔ ڈیوین اسمتھ نے 48 گیندوں پر 50 جبکہ بریڈ ہیڈن نے صرف 29 گیندوں پر 52 رنز کی زبردست اننگز کھیلیں اور 15 ویں اوور کی دوسری گیند پر ہدف کو جا لیا۔

بلاشبہ یہ پی ایس ایل کا سب سے یکطرفہ اور مایوس کن مقابلہ تھا کیونکہ پلے آف مرحلے میں ایک شاندار مقابلے کی توقع تھی جیسا کہ گزشتہ روز پشاور اور کوئٹہ کے درمیان کھیلا گیا۔ بہرحال، اب کراچی کے کھلاڑی تو واپسی کی راہ لیں گے جبکہ اسلام آباد کل یعنی اتوار کو پشاور زلمی کے خلاف اہم میچ کھیلے گا کہ جہاں جیتنے والا 23 فروری کو دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے ٹائٹل کے لیے فائنل کھیلے گا۔