ویسٹ انڈیز کو مسلسل دوسری شکست؛ بھارت کی سیریز میں 2-0 سے برتری

3 1,029

ویسٹ انڈیز ایک مرتبہ پھر آخری مرحلے پر لڑھک گیا اور بھارت نے مسلسل دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی فتح حاصل کر کے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ بھارت کی فتح میں اہم ترین کردار ویرات کوہلی کی 81 رنز کی اننگ اور امیت مشرا کی تباہ کن باؤلنگ کا رہا۔

ویرات کوہلی کی اننگ کی بدولت بھارت باآسانی فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہا

کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز کے ابتدائی بلے بازوں نے نوآموز بھارتی کپتان سریش رائنا کے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔ پہلی وکٹ پر لینڈل سیمنز (53) اور کرک ایڈورڈز (25) کی 57 رنز کی شراکت نے بنیاد فراہم کی جن کی بدولت ویسٹ انڈین مڈل آرڈر نے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا لیکن لوئر مڈل آرڈر امیت مشرا کے سامنے نہ ٹھیر سکا اور ویسٹ انڈيز ایک وقت 280سے زیادہ کا ہدف دیتا دکھائی دیتا تھا بمشکل ہی 240 تک پہنچ سکا۔

175 پر ویسٹ انڈیز کی صرف وکٹیں گری تھیں لیکن مارلون سیموئلز (36 رنز) کی وکٹ گرنے سے ان کو شدید دھچکا پہنچا اور رہی سہی کسر 56 رنز کی اننگ کھیلنے والے تجربہ کار رامنریش سروان کی وکٹ گرنے نے پوری کر دی۔ 192 رنز پر سروان کی صورت میں وکٹ گرتے ہی کالی آندھی کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح بکھرنے لگیں۔ اور محض 5 رنز کے اضافے پر اس کی 4 وکٹیں گر گئیں جن میں سروان کے علاوہ کیرون پولارڈ (صفر) ، ڈیوین براوو (8 رنز) اور کارلٹن با (2) کی وکٹیں شامل تھیں۔ یہ تینوں بلےباز جو اپر آرڈر کے بلے بازوں کی محنت پر پھل سمیٹنے کے لیے مشہور ہیں اور حریف ٹیم کو ایک بڑا ہدف دینے میں اپنی ٹیم کی مدد کرتے ہیں لیکن یکے بعد دیگرے تینوں کی وکٹیں گرنا ویسٹ انڈیز کے لیے ناقابل تلافی نقصان ثابت ہوا تاہم کپتان ڈیرن سیمی نے اسے مکمل تباہی سے بچایا اور 19 گیندوں پر 22 رنز بنا کر اسکور کو 240 تک پہنچانے میں مدد دی۔
امیت مشرا نےویسٹ انڈین مڈل آرڈر کی تباہی میں اہم کردار ادا کیا جنہوں نے کرک ایڈورڈز کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد ڈیوین براوو، کیرون پولارڈ اور کارلٹن با کو ٹھکانے لگا کر ویسٹ انڈین مڈل آرڈر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ ان کے علاوہ تین وکٹیں مناف پٹیل کو ملیں۔

جواب میں گو کہ بھارت کو ابتدائی اوورز میں ہی شیکھر دھاون کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا لیکن دوسری وکٹ پر وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل اور نوجوان ویرات کوہلی کی 120 رنز کی شراکت نے فتح کی بنیاد رکھ دی۔ اور آنے والے بلے بازوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑا سوائے بارش کی وجہ سے میچ کے رکنے کے۔ جس کی وجہ سےبھارت کو از سر نو طے شدہ ہدف ملا جو 27 اوورز میں 183 رنز تھا۔ بھارت نے 34 ویں اوور ہی میں یہ ہدف محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ویرات کوہلی کو میچ کی سب سے طویل اننگ کھیلنے پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

دونوں ٹیمیں اب تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے لیے اینٹیگا روانہ ہوگی جہاں کے سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم میں 11 جون کو اگلا مقابلہ ہوگا۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت

دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی، کوئنز پارک اوول، پورٹ آف اسپین، ٹرینیڈاڈ

8 جون 2011ء

نتیجہ: بھارت 7 وکٹوں سے فتحیاب

مین آف دی میچ: ویرات کوہلی

بھارت رنز گیندیں چوکے چھکے
لینڈل سیمنز اسٹمپ پارتھیو پٹیل ب یوسف پٹھان 53 84 3 2
کرک ایڈورڈز ک پارتھیو پٹیل ب امیت مشرا 25 28 3 1
رامنریش سروان ک یوسف پٹھان ب مناف پٹیل 56 90 3 0
مارلن سیموئلز اسٹمپ پارتھیو پٹیل ب یوسف پٹھان 36 32 3 1
ڈیوین براوو ک ہربھجن سنگھ ب امیت مشرا 8 17 0 0
کیرون پولارڈ ایل بی ڈبلیو امیت مشرا 0 3 0 0
کارلٹن با ب امیت مشرا 2 9 0 0
ڈیرن سیمی ناٹ آؤٹ 22 19 1 2
روی رامپال ک سریش رائنا ب مناف پٹیل 14 16 3 0
دیوندر بشو ک پارتھیو پٹیل ب مناف پٹیل 0 2 0 0
انتھونی مارٹن ناٹ آؤٹ 0 1 0 0
فاضل رنز (بائی 1، لیگ بائی 6، وائڈ 16، نوبال 1) 24
کل رنز 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز

 

بھارت باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
پروین کمار 10 0 54 0
مناف پٹیل 10 2 35 3
امیت مشرا 10 2 31 4
ہربھجن سنگھ 10 1 51 0
یوسف پٹھان 8 0 51 2
سریش رائنا 8 0 11 0

 

ویسٹ انڈیز (ہدف 183 رنز؛ 37 اوورز) رنز گیندیں چوکے چھکے
پارتھیو پٹیل ک کارلٹن با ب انتھونی مارٹن 56 64 2 2
شیکھر دھاون ک کیرون پولارڈ ب روی رام پال 3 4 0 0
ویرات کوہلی ک کیون پولارڈ ب دیوندر بشو 81 103 6 1
سریش رائنا ناٹ آؤٹ 26 19 1 1
روہیت شرما ناٹ آؤٹ 7 14 1 0
فاضل رنز (وائڈ 8، نوبال 2) 10
کل رنز 33.4 اوورز میں؛3 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز

 

ویسٹ انڈیز باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
روی رامپال 6.4 0 32 1
ڈیرن سیمی 10 1 38 0
ڈیوین براوو 3 0 20 0
دیوندر بشو 7 0 37 1
انتھونی مارٹن 4 0 29 1
کیون پولارڈ 3 0 27 0