پاکستان سپر لیگ کی پہلی سنچری کا اعزاز شرجیل خان کے نام

0 1,046

پاکستان سپر لیگ کا پورا سیزن گزر گیا لیکن کسی بلے باز نے سنچری نہیں بنائی تھی یہاں تک کہ "سیمی فائنل" میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان صرف 50 گیندوں پر طوفانی سنچری بنا کر پی ایس ایل میں تہرے ہندسے کو چھونے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔

دبئی میں پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لیگ کی سب سے مضبوط باؤلنگ لائن کے خلاف سوائے شرجیل خان کے اسلام آباد کا کوئی بیٹسمین نہ چلا، لیکن آج وہ اکیلے ہی کافی دکھائی دیے۔ انہوں نے شاہد آفریدی کے ہر غلط فیصلے کا پورا پورا فائدہ اٹھایا اور صرف 28 ویں گیند پر "لالا" ہی کو چوکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور یہ سنگ میل عبور کرتے ہی انہیں ایک شاندار چھکا بھی جڑ دیا۔ صرف 13 اوورز میں ہی انہوں نے مجموعے کو 108 رنز تک پہنچا دیا وہ بھی اس طرح کہ یونائیٹڈ کی کوئی وکٹ نہیں گری تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دوسرے کنارے پر کھڑے ڈیوین اسمتھ کا اس میں حصہ نہ ہونے کے برابر تھا۔ وہ 37 گیندوں پر صرف 19 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ لیکن شرجیل کو روکنے والا کوئی نہیں تھا 16 ویں اوور میں انہوں نے ایک شاندار چھکے کے ذریعے پی ایس ایل کی تاریخ کی پہلی سنچری مکمل کرلی، صرف 50 گیندوں پر، 6 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے۔

شرجیل آخری اوور میں 117 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے کل 62 گیندوں کھیلی اور 8 چھکوں کے علاوہ 12 چوکے بھی لگائے۔

Sharjeel-Khan

اس شاندار اننگز پر نہ صرف انہیں تماشائیوں اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے 'ڈگ آؤٹ' سے زبردست داد ملی بلکہ شاہد آفریدی سمیت پشاور زلمی کے کئی کھلاڑیوں نے بھی انہیں اس اننگز پر سراہا۔

اس سے قبل عمر اکمل کی 93 رنز کی اننگز پی ایس ایل کی سب سے بڑی باری تھی۔ لاہور قلندرز کے اہم بلے باز نے 8 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف صرف 40 گیندوں پر 93 رنز بنائے تھے۔

Sharjeel Khan gets the first century of #HBLPSL and a what a cool way to bring it up with a six off his national captain Afridi!

Posted by Pakistan Super League on Sunday, February 21, 2016

پاکستان سپر لیگ 2016ء کی سب سے بڑی انفرادی اننگز

بلے باز رنز گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ
شرجیل خان (اسلام آباد) 117 62 12 8 پشاور زلمی
عمر اکمل (لاہور) 93 40 6 8 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
لیوک رائٹ (کوئٹہ) 86* 53 11 4 اسلام آباد یونائیٹڈ
بریڈ ہوج (پشاور) 85* 45 6 6 کراچی کنگز
تمیم اقبال (پشاور) 80* 58 6 3 اسلام آباد یونائیٹڈ