"سویا ہوا شیر جاگ گیا"، جنوبی افریقہ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

0 1,190

ہاشم آملا اور ابراہم ڈی ولیئرز کی طوفانی بلے بازی کے بل بوتے پر جنوبی افریقہ نے انگلستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو-صفر سے جیت لی۔ یوں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل آخری امتحان میں سرخرو ہو کر جنوبی افریقہ نے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ سویا ہوا شیر اب جاگ گیا ہے اور وہ عالمی اسٹیج پر ہرگز تر نوالا ثابت نہیں ہوں گے۔

جوہانسبرگ کے وینڈررز اسٹیڈیم میں جنوبی افریقی کپتان فف دو پلیسی نے ٹاس جیتا اور پہلے مقابلے کی طرح انگلستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔ گوکہ 10 رنز پر ہی جیسن روئے کی صورت میں انگلستان کی پہلی وکٹ گرگئی لیکن جو روٹ اور ایلکس ہیلز نے اگلے 4 اوورز میں 50 رنز جوڑ کر اس نقصان کا بھرپور ازالہ کیا۔ میزبان نے عمران طاہر کی دو گیندوں پر دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ کے ذریعے واپسی کی لیکن کپتان ایون مورگن اور جوس بٹلر نے 97 رنز جوڑ کر انگلستان کو مقابلے میں حاوی کردیا۔ پوری سیریز میں ناکام رہنے والے مورگن نے چار چھکوں کی مدد سے 23 گیندوں پر 38 رنز بنائے جبکہ بٹلر نے اتنے ہی چھکے لگا کر 28 گیندوں پر شاندار 54 رنز اسکور کیے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ دونوں کھڑے رہے تو 200 کا ہندسہ بھی عبور ہو جائے گا۔ لیکن کوئی ٹک نہ سکا بلکہ انگلستان کی 7 وکٹیں صرف 14 رنز کے اضافے سے گریں اور یوں 171 رنز تک ہی محدود ہونا پڑا۔ وہ بھی آخری اوور میں آل آؤٹ کے ساتھ۔

Ben-Stokes

اس تباہی میں کردار کائل ایبٹ کا تھا کہ جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کاگیسو رباڈا اور کرس مورس نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عمران طاہر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

انگلستان کو یہ دکھ ضرور تھا کہ وہ آخری تین اوورز کا بھرپور فائدہ نہ اٹھا سکا اور بری طرح اپنی آخری وکٹیں گنوائیں لیکن 171 رنز کے دفاع میں اس بری طرح ناکام ہوگا یہ اس نے تصور بھی نہ کیا ہوگا۔ ڈی ولیئرز اور ہاشم آملا کی نے صرف 8.2 اوورز میں 125 رنز جوڑ کو انگلستان کے سارے خواب چکناچور کردیے۔

اس دوران ڈی ولیئرز نے اپنا ہی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے 23 گیندوں پر بنا کر قائم کیا تھا لیکن اب صرف 21 گیندوں پر 50 رنز مکمل کیے۔ ان کی اننگز 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 71 رنز تک پہنچی، وہ بھی محض 29 گیندوں پر۔

عادل رشید کے ہاتھوں ڈی ولیئرز کی وکٹ گرنے کے بعد باقی 47 رنز چند لمحوں میں بن گئے اور جنوبی افریقہ نے 15 ویں اوور میں ہی ہدف حاصل کرلیا۔ ہاشم آملا 69 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ دو پلیسی نے 22 رنز بنائے۔

جس دورے کا آغاز انگلستان کی ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی سے ہوا تھا، اس کا اختتام لگاتار پانچ شکستوں کے ساتھ ہوا ہے۔ یوں ایک روزہ کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی انگلستان کے ہاتھ سے نکل گئی۔

آخر میں ڈی ولیئرز کو میچ اور عمران طاہر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔