اظہر محمود پاکستان کے باؤلنگ کوچ بن گئے

2 1,044

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی باؤلنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔ وہ مستقل کوچ مشتاق احمد کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مسلسل مصروفیات کے بعد کچھ عرصہ آرام کرنا چاہ رہے ہیں۔ مشتاق جون میں دورۂ انگلستان سے قبل ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم میں ذمہ داریاں نبھانے آ جائیں گے۔

اظہر محمود گوکہ ڈومیسٹک ٹیموں کی کوچنگ کی ذمہ داری ادا کر چکے ہیں لیکن بین الاقوامی کرکٹ میں وہ کبھی اس درجے پر نہیں آئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اچانک اتنی بھاری ذمہ داری کی وجہ دراصل ٹی ٹوئنٹی میں اظہر محمود کا وسیع تجربہ ہے۔ اظہر نے 2007ء سے اب تک 225 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جن میں حال ہی میں وہ ماسٹرز چیمپئنز لیگ میں بھی کھیل چکے ہیں اور اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں بھی شمولیت اختیار کی۔ وہ واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جو انڈین پریمیئر لیگ میں ایک سے زیادہ سیزنز کھیل چکے ہیں۔

پاکستان ایشیا کپ میں اپنا پہلا مقابلہ کل روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا، جس کا سب کو بے تابی سے انتظار ہے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اس ٹورنامنٹ کے بعد بھارت میں کھیلا جائے گا جہاں اظہر محمود کا تجربہ پاکستان کو کام آ سکتا ہے۔

Azhar-Mahmood2