شرما نے شرمندگی سے بچا لیا؛ ویسٹ انڈیز کو فیصلہ کن شکست

3 1,054

روہیت شرما کی ذمہ دارانہ، شاندار اور ناقابل شکست اننگ نے بھارت کو میزبان ٹیم کے خلاف سیریز میں فیصلہ کن فتح سے ہمکنار کردیا۔ ویسٹ انڈیز کے بالرز ایک بار پھر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد رستہ بھٹک گئے جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے روہیت شرما نے ٹیل اینڈر ہربھجن سنگھ کے ساتھ 88 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو عالمی کپ کے بعد پہلی بین الاقوامی سیریز میں فتح دلوادی۔

فتح گر اننگ کے دوران روہیت شرما کا ایک دلکش انداز (اے پی)

انٹیگا میں کھیلے گئے 5 میچوں کی سیریز کے تیسرے اور اہم میچ میں ٹاس بھارت نے جیتا اور یہیں سے اپنی فتح کی بنیاد رکھی۔ بھارتی بالرز بالخصوص امیت مشرا اور مناف پٹیل نے میزبان بلے بازوں کو کسی خاطر میں لائے بغیر ابتداء ہی سے پریشان کیے رکھا۔ ایک موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ بھارت اس میچ میں آسان فتح سے ہمکنار ہوگا کیوں کہ صرف 100 رنز کے اندر ہی 7 میزبان بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ ویسٹ انڈین بلے بازوں میں لینڈل سیمونز(45)، ڈیرن با (36) اور رامنریش سروان (28) کوئی اننگ کو دہرے ہندسے تک نہ پہنچاسکا۔

اس نازک موقع پر ویسٹ انڈیز کے لیے آندرے رسل نے کیریئر کی بہترین اننگ کھیلتے ہوئے 84 گیندوں پر 92 رنز بنائے۔ اپنے حریفوں سے صحیح معنوں میں رسل کی ٹسل ہوئی جنہوں نے 5 چھکوں و 8 چوکوں کے ذریعے بھارتی گیند بازوں کی دھلائی کی۔ اننگ کے آخری مرحلے میں آندرے رسل کی زبردست بلے بازی کی بدولت ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم 225 رنز کا قابل ذکر مجموعہ اکھٹا کرنے میں کامیاب ہوا اور انہیں میچ میں واپسی کا موقع بھی میسر آگیا۔

بھارتی بلے بازوں نے 226 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محسوس ہوتا تھا کہ وہ بھی ویسٹ انڈین بلے بازوں کے نقش قدم پر چلنے کے خواہاں ہیں۔ اپنی مضبوظ بلے بازی میں معروف بھارتی ٹیم کے چھ کھلاڑی اس وقت پویلین میں بیٹھے ہوئے تھے کہ جب ٹیم کا اسکور محض 92 رنز تھا۔ اس وقت تک صرف پارتھیو پٹیل (46) ہی وہ کھلاڑی تھے جنہیں کچھ دیر کالی آندھی کا سامنا کرنے کی ہمت ہوسکی۔

چھ ابتدائی کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کے بعد بھارتی ٹیم کی شکست کے بادل منڈلانہ شروع ہوچکے تھے۔ خیال ظاہر کیا جانے لگا کہ مہمان ٹیم کی شکست کی سب سے زیادہ ذمہ داری ان ہی بھارتی کھلاڑیوں کی ہوگی کہ جو انجریز اور آرام کے بہانے گھر پر بیٹھے میچ کا لطف لے رہے تھے۔ تاہم اس موقع پر روہیت شرما نے بھجن کے ساتھ مل کر اسکور کو سہارا دیا اور آہستہ آہستہ ہدف کا تعاقب جاری رکھا۔ شرما کی ذمہ دارانہ اننگ کی بدولت ہربھجن سنگھ کو بھی حوصلہ ملا اور دونوں کھلاڑیوں نے 88 رنز کی شراکت قائم کر کے ہدف کا حصول قدرے آسان کردیا۔ 180 کے مجموعہ پر ہربھجن سنگ (41) آؤٹ ہوئے تو بھارت کو فتح کے لیے مزید 46 رنز درکار تھے جو شرما نے پروین کمار کے ساتھ مل کر حاصل کرلیے۔

میچ کے اختتام پر تیز رفتار 92 رنز کی اننگ سجانے کے بعد ایک وکٹ حاصل کرنے والے ویسٹ انڈین کھلاڑی آندرے رسل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گیند بازی میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ڈیرن سیمی اور دیوندر بشو نے 2، 2 جبکہ بھارت کی جانب سے مناف پٹیل اور امیت مشرا 3، 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ڈینزا حیات کو ایک روزہ مقابلوں میں متعارف کروایا گیا۔

پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں بھارت کو فیصلہ کن برتری حاصل ہوچکی ہے۔ سیریز کا چوتھا میچ 13 جون کو نارتھ ساؤنڈ جبکہ پانچواں میچ 16 جون کو کنگسٹن میں کھیلا جائے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کے خلاف 3 مقابلے ہارنے کے بعد باقی ماندہ مقابلوں میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کیا ایک بار پھر وہی کردار ادا کرسکے گی یا نہیں۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت

تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی، سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ، انٹیگا

11 جون 2011ء

نتیجہ: بھارت 3 وکٹوں سے فتحیاب

مین آف دی میچ: آندرے رسل

بھارت رنز گیندیں چوکے چھکے
لینڈل سیمنز ک ویرات کوہلی ب امیت مشرا 45 68 4 1
کرک ایڈورڈز ک پارتھیو پٹیل ب مناف پٹیل 0 2 0 0
رامنریش سروان رن آؤٹ (رائنا پار/ تھیو پٹیل) 28 38 2 1
مارلن سیموئلز اسٹمپ پارتھیو پٹیل ب امیت مشرا 1 10 0 0
ڈینزا حیات ب امیت مشرا 1 5 0 0
کیرون پولارڈ ک پارتھیو پٹیل ب ہربھجن سنگھ 6 16 0 0
کارلٹن با ک شیکھر دیوان ب مناف پٹیل 36 73 0 0
ڈیرن سیمی ک پارتھیو پٹیل ب مناف پٹیل 3 14 0 0
آندرے رسل ناٹ آؤٹ 92 64 8 5
کیمار روش ناٹ آؤٹ 7 10 0 0
فاضل رنز (لیگ بائی 2، وائڈ 4) 6
کل رنز 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 225 رنز

 

بھارت باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
پروین کمار 10 1 46 0
مناف پٹیل 10 1 60 3
امیت مشرا 10 2 28 3
ہربھجن سنگھ 10 2 24 1
یوسف پٹھان 5 0 27 0
ویرات کوہلی 1 0 7 0
سریش رائنا 4 0 31 0

 

ویسٹ انڈیز (ہدف 226 رنز؛ 50 اوورز) رنز گیندیں چوکے چھکے
پارتھیو پٹیل ک آندرے رسل ب دیوندر بشو 46 56 4 1
شیکھر دھاون ک مارلن سیمیولز ب ڈیرن سیمی 4 15 0 0
ویرات کوہلی ایل بی ڈبلیو ب ڈیرن سیمی 0 1 0 0
سبریمینم بدریناتھ رن آؤٹ (آندر رسل / ڈیرن با) 11 28 1 0
روہیت شرما ناٹ آؤٹ 86 91 5 2
سریش رائنا ک لینڈل سیمونز ب کیرون پولارڈ 3 10 0 0
یوسف پٹھان ک لینڈل سیمونز ب دیوندر بشو 1 3 0 0
ہربھجن سنگھ ک ڈیرن با ب آندر رسل 41 64 1 1
پروین کمار ناٹ آؤٹ 25 15 1 2
فاضل رنز (لیگ بائی 1، وائڈ 5، نوبالز 5) 11
کل رنز 46.2 اوورز؛ 7 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز

 

ویسٹ انڈیز باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
کیمار روش 8.2 0 46 0
آندرے رسل 9 0 59 1
ڈیرن سیمی 10 2 49 2
دیوندر بشو 10 0 41 2
کیون پولارڈ 9 0 32 1