بنگلہ دیش سے جیتنا کوئی بڑی بات نہیں، دھونی

0 1,042

ٹی ٹوئنٹی طرز میں کھیلے گئے پہلے ایشیا کپ میں جب بنگلہ دیش سری لنکا اور پاکسان کو روندتا ہوا فائنل میں پہنچتا تو اندازہ قائم کیا جا رہا تھا کہ وہ فائنل میں بھارت کو ضرور پریشان کرے گا۔ لیکن بات ان کی درست ثابت ہوئی کہ جن کا کہنا تھا کہ بھارت کے سامنے بنگلہ دیش کی، ایک مرتبہ پھر، ایک نہیں چلے گی اور بھارت نے فائنل میں میزبان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اس شاندار کامیابی پر بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ بھارت کا جیتنا ہرگز بڑی خبر نہیں، ہاں، اگر ہار جاتے تو شاید یہ دن کی سب سے بڑی خبر ہوتی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے بھارت کے لیے بڑا دھچکا بھی۔

ایک مرتبہ پھر چھکے کے ذریعے بھارت کو فتح سے ہمکنار کرنے والے دھونی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی ٹیموں سے مقابلے کا دباؤ کچھ مختلف ہوا ہے۔ جیت جائیں تو کوئی نہیں سراہا، اور ہار جائیں تو بدترین تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ کہنے کے باوجود دھونی نے بنگلہ دیش کی تعریف ضرور کی۔ کہا کہ گزشتہ ایک سال میں بنگلہ دیش نے اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی ہے۔ گو کہ بھارت کو پچھلے سال بنگلہ دیش کے ہاتھوں سیریز میں شکست ہوئی لیکن ایشیا کپ میں ہم نے ماضی کو بالکل یاد نہیں کیا کیونکہ اس سے حوصلے پست ہوتے۔ آپ ماضی کو تبدیل نہیں کر سکے تو اس کو سوچ کر حال کو کیوں خراب کریں؟

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک طرف دھونی یہ کہتے ہیں دوسری جانب ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری نے میچ کے بعد تبصرہ کار رمیز راجہ سے گفتگو میں کہا تھا کہ میچ سے پہلے سب کھلاڑیوں کو میں نے کہا تھا کہ بس یہ یاد رکھنا کہ پچھلے سال ہمارے خلاف جیتنے کے بعد بنگلہ دیش نے کیسا جشن منایا تھا؟ بہرحال، 'ایم ایس' نے کہا کہ اب تمام تر وجہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پر ہے۔ ٹیم کا تال میل بہترین ہے، کھلاڑی پر اعتماد ہیں اور مسلسل فتوحات کی وجہ سے جانتے ہیں کہ بڑے میچز میں کس طرح کھیلنا ہے۔