انگوٹھا زخمی، دلشان انگلستان کے خلاف حتمی ٹیسٹ سے باہر

0 1,008

انگلستان کے خلاف حتمی ٹیسٹ سے قبل سری لنکا کو ایک دھچکا پہنچا ہے کیونکہ اس کے نئے کپتان اور ان فارم بلے باز تلکارتنے دلشان دائیں انگوٹھے کی ہڈی ٹوٹنے کے باعث اگلا میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

تلکارتنے دلشان کو لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران یہ تکلیف ہوئی، جہاں انہوں نے پہلی اننگ میں 193 رنز کی یادگار اننگ کھیلی۔ اسی تکلیف کے باعث وہ انگلستان کی اننگ کے دوران فیلڈنگ بھی نہیں کر پائے اور سری لنکا کی دوسری اننگ میں بلے بازی کے لیے بھی میدان میں نہیں اترے۔

21 سالہ لاہیرو تھیری مانے ممکنہ طور پر دلشان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جائیں گے

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے مینیجر انور تنے کون کا کہنا ہے کہ اگلے ٹیسٹ کے لیے باہر بٹھانے کا سب سے اہم سبب یہ ہے کہ اگر ان کے انگوٹھے میں ایک اور چوٹ لگ گئی تو وہ پورے دورے سے باہر ہو سکتے ہیں اس لیے حفظ ما تقدم کے تحت انہیں روز باؤل میں اگلا ٹیسٹ نہیں کھلایا جائے گا۔

اب امکان ہے کہ عالمی کپ 2011ء کے بعد قیادت سے استعفی دینے والے وکٹ کیپر کمار سنگاکارا ایک مرتبہ پھر قائدانہ کردار نبھائیں گے۔ جبکہ بلے باز کی حیثیت سے دلشان کی جگہ 21 سالہ اوپنر لاہیرو تھیری مانے کو ٹیم میں جگہ دی جا سکتی ہے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اس نوجوان بلے باز نے ایسکس کے خلاف ٹور میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔