جمی اینڈرسن فٹ قرار، تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب

1 1,018

انگلستان کے تیز گیند باز جیمز اینڈرسن نے سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ کے لیے خود کو مکمل فٹ قرار دیا ہے تاہم انہیں جمعرات کو شروع ہونے والے حتمی مقابلے کے لیے دو روزہ تربیت میں اپنی فٹنس ثابت کرنا ہوگی۔

جیمز اینڈرسن انگلش باؤلنگ لائن اپ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں

اینڈرسن اتوار کو لنکاشائر اور وارسسٹرشائر کے درمیان کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں اپنی فٹنس ثابت کرتے لیکن مذکورہ مقابلہ بارش کی نذر ہو گیا۔ تاہم وہ پیر کو روز باؤل میں تربیتی سیشن میں شریک ہوئے اور خوب جان لڑاتے دکھائی دیے۔

اینڈرسن کا کہنا ہے کہ وہ اب بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، وہ لارڈز ٹیسٹ سے پہلے بھی کافی بہتر لگ رہے تھے لیکن انہوں نے کھیلنے کا خطرہ مول نہیں لیا اور اب وہ باؤلنگ کرتے ہوئے کسی تکلیف کا سامنا نہیں کر رہے۔

اینڈرسن نے کارڈف میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پہلی اننگ میں 28 اوورز ہی کرائے تھے اور کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے اور تھیلان سماراویرا کی اہم ترین وکٹیں حاصل کیں۔ بعد ازاں انگلستان کی پہلی اننگ میں انہوں نے نائٹ واچ مین کی حیثیت سے بلے بازی بھی کی لیکن پہلو میں کھنچاؤ کے باعث وہ میچ کے آخری روز انگلستان کی ڈرامائی فتح میں اپنا کردار ادا نہ کر پائے اور یوں لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت سے محروم ہو گئے۔

اینڈرسن سرے سے تعلق رکھنے والے جیڈ ڈرنباخ کی جگہ تیسرے ٹیسٹ کی ٹیم میں شامل ہوں گے اور ایک مرتبہ پھر گیند بازی میں قائدانہ کردار نبھائیں گے۔