افغانستان کی جامع کارکردگی، ہانگ کانگ چت

0 1,120

افغانستان نے ایک اور جامع کارکردگی پیش کرتے ہوئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات برقرار رکھے ہیں۔ ہانگ کانگ کے خلاف اپنے دوسرے مقابلے میں افغانستان نے باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور اب زمبابوے کے خلاف اگلا مقابلہ 'آر یا پار' کی صورت اختیار کر گیا ہے جہاں جیتنے والاگروپ "بی" سے سپر 10 مرحلے میں پہنچے گا۔

ناگ پور میں ہونے والے مقابلے میں محمد نبی کی اسپن باؤلنگ کے سامنے ہانگ کانگ کے بلے بازوں کی ایک نہ چلی۔ انشومن رتھ کے سست رفتار 28 اور راین کیمبل کے 27 رنز کے سوا کسیبیٹمین نے کوئی قابل ذکر اننگز نہ کھیلی۔ حالانکہ 40 رنز کانسبتاً اچھا آغاز بھی میسر آیا تھا۔ لیکن جیسے ہی محمد نبی آئے، ہانگ کانگ کے بلے بازوں کے ہاتھ پیر پھول گئے۔ نبی نے ابتدائی دونوں وکٹیں حاصل کیں اور پھر آخر میں مزید دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ہانگ کانگ کی اننگز کو جامد کردیا۔ 20 اوورز مکمل ہونے پر ہانگ کانگ صرف 116 رنز ہی بنا پایا۔

محمد نبی نے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک کھلاڑی کو راشد خان اور گلبدین نائب نے آؤٹ کیا۔

117 رنز کا ہدف افغانستان کے لیے آسان ترین ثابت ہوا بالخصوص محمد شہباز اور نور علی زدران کی 70 رنز کی شراکت داری نے تو اسے 'بائیں ہاتھ کا کھیل' بنا دیا۔ محمد شہزاد ایک مرتبہ پھر مکمل ترنگ میں دکھائی دیے۔ انہوں نے 40 گیندوں پر 41 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جبکہ نور علی زدران 35 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ گو کہ ہانگ کانگ نے 8 رنز کے اضافے سے تین وکٹیں حاصل کیں لیکن افغانستان ہدف کے اتنا قریب پہنچ گیا تھا کہ اسے روکنا ناممکن تھا۔ 18 ویں اوور کی آخری گیند پر مقابلے کا خاتمہ ہوگیا۔ نجیب اللہ زدران 9 گیندوں پر 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

محمد نبی کو بہترین باؤلنگ پر مرد میدان کا اعزاز ملا۔

اب افغانستان کی نظریں 12 مارچ کو زمبابوے کے خلاف اہم ترین مقابلے پر ہیں جو دراصل اب 'ناک آؤٹ' کی صورت اختیار کرگیا ہے۔ جیتنے والی ٹیم گروپ "بی" سے سرفہرست مقام حاصل کرے گی اور یوں "سپر 10" مرحلے میں پہنچ جائے گی۔ جبکہ شکست کھانے والا وطن واپسی کی راہ لے گا۔