بارش نےنیدرلینڈز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر کردیا

0 1,227

بارش آئی اور اپنے ساتھ نیدرلینڈز کے امکانات بہا لے گئی۔ عمان کے خلاف مقابلے میں ایک گیند تک پھینکی نہ جا سکی اور یوں ہر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں یادگار کارکردگی دکھانے والے نیدرلینڈز کی کہانی تمام ہوئی۔

لگتا ہے اس مرتبہ قسمت عمان کے ساتھ ہے۔ جس نے گزشتہ مقابلے میں آئرلینڈ کے خلاف ایک شاندار کامیابی حاصل کی اور اب ایک قیمتی پوائنٹ ملنے کی وجہ سے اب بھی اگلے مرحلے میں جگہ پانے کی دوڑ میں شامل ہے۔

مقابلے سے قبل کسی نہ کسی طرح ٹاس تو ہوگیا جو عمان کے کپتان سلطان احمد نے جیتا اور پہلے گیندبازی کافیصلہ کیا لیکن انہیں ایک گیند پھینکنے کا بھی موقع نہیں ملا۔ کیونکہ بارش نے عین اس وقت میدان کو دوبارہ آ لیا جب دونوں ٹیموں قومی ترانوں کے لیے تیار ہو رہی تھیں۔

نیدرلینڈز کے کپتان پیٹر بورن نے اخراج پر سخت مایوسی کا اظہار کیا کیونکہ گزشتہ مقابلے میں نیدرلینڈز نے بنگلہ دیش کو سخت مشکلات سے دوچار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقابلے میں ہم کافی بہتر کھیل سکتے تھے لیکن اس کا موقع ہی نہیں ملا۔