تمیم کی سنچری کے سامنے عمان کے ارمان ٹھنڈے

1 1,214

ہر گزرتے مقابلے کے ساتھ تمیم اقبال خطرناک روپ دھارتے چلے جا رہے ہیں۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیدرلینڈز کے خلاف ناٹ آؤٹ 83 اور آئرلینڈ کے مقابلے میں 47 رنز بنانے کے بعد اہم ترین مقابلے میں بنگلہ دیشی بلے باز نے ناقابل شکست سنچری بنا ڈالی اور بنگلہ دیش کو "سپر 10" مرحلے تک پہنچا دیا جبکہ عمان کی پرواز بالآخر اپنے اختتام کو پہنچی۔

دھرم شالا میں ہونے والے کوالیفائنگ مرحلے کے آخری مقابلے کا فاتح اگلے مرحلے میں جاتا جبکہ شکست خوردہ کو وطن واپسی کی راہ لینا پڑتی، اس لیے یہ مقابلہ بہت اہم تھا۔ بنگلہ دیش نے یہاں اپنی اصل طاقت یعنی بلے بازی کا خوب مظاہرہ کیا جس کے سرخیل رہے تمیم اقبال۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی بہترین ٹی ٹوئنٹی اننگز کھیلی جس میں صرف 63 گیندوں پر 103 رنز بنائے اور یوں بنگلہ دیش کو 180 رنز تک پہنچنے میں مدد دی۔ اتنا بڑا ہدف عمان کے بس کی بات نہ تھی، پھر بارش کی وجہ سے اسے 12 اوورز میں 120رنز کا مزید کڑا ہدف ملا جو وہ مکمل نہ کر سکا اور صرف 65 رنز بنا پایا۔ یوں بنگلہ دیش نے ڈک ورتھ لوئس طریقے کے مطابق 54 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

عمان کی جانب سے بلے بازی کی دعوت ملتے ہی بنگلہ دیشی بلے باز حریف باؤلرز پر جھپٹ پڑے۔ سومیا سرکار تو صرف 12 رنز بنا سکے لیکن اس کے بعد تمیم اقبال اور شبیر رحمٰن کی 97 رنز کی شراکت داری نے عمان کے گیندبازوں کی جدوجہد کو عیاں کرکے رکھ دیا۔ آئرلینڈ و نیدرلینڈز کا مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کے بعد خدشہ تھا کہ یہاں بھی گڑبڑ ہوگی لیکن بنگلہ دیش کی اننگز بخیر و عافیت مکمل ہوگئی، جہاں بادل تو نہیں لیکن تمیم خوب گرجے اور برسے۔ ابتدائی 10 اوورز میں 70 رنز جمع کرنے کے بعد انہوں نے شبیر کے ساتھ مل کر اننگز کو اگلے "گیئر" میں ڈالا۔ اگلے چھ اوورز میں دونوں 70 رنز جمع کر چکے تھے۔ شبیر 26 گیندوں پر 44 رنز بنانے کے بعد خاور علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ یہ عمان کی دوسری اور آخری کامیابی تھی کیونکہ باقی چار اوورز میں تو انہیں مزید 41 رنز پڑے اور وکٹ بھی کوئی نہ مل سکی۔ اس دوران 19 ویں اوور میں تمیم نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔ 5 چھکوں اور 10 چوکوں سے مزین یہ اننگز تمیم کی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میں پہلی سنچری بھی تھی۔

جواب میں عمان کی اننگز بارش سے متاثر ہوئی اور انہیں 12 اوورز میں 120 رنز کا ہدف ملا۔ تعاقب تو عمدگی سے نہ ہو سکا لیکن پھر بھی آٹھویں اوور تک دو وکٹوں پر 44 رنز موجود تھے۔ یہاں عدنان الیاس کے رن آؤٹ سے اننگز تاش کے پتوں کی طرح بکھرنے لگی۔ اگلے اوور میں شکیب الحسن نے امیر علی اور عامر کلیم کو ٹھکانے لگایا اور پھر مہران خان اور سلطان احمد کی وکٹیں لے کر اپنے شکاروں کی تعداد 4 کرلی۔ جب مقررہ 12 اوورز مکمل ہوئے تو اسکور بورڈ ر صرف 65 رنز موجود تھے اور عمان کے 9 بلےباز آؤٹ ہو چکے تھے۔

اب بنگلہ دیش "سپر 10" کے گروپ 2 میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا مقابلہ کرے گا۔ پہلا مقابلہ پاکستان سے 16 مارچ کو کلکتہ میں ہوگا جو دیکھنے کے قابل ہوگا۔