دھونی کی طرح ’دباؤ‘ میں بہتر کھیل پیش کرنا چاہتا ہوں: سرفراز احمد

0 1,027

سرفراز احمد کا شمار پاکستان کے اُن گنے چنے کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے مشکل ترین حالات میں سخت محنت کرکے اور دباؤ میں اچھی کارکردگی کے ذریعے قومی ٹیم میں مستقبل جگہ بنائی ۔ اپنے حالیہ بیان میں سرفراز نے کہا ہےکہ وہ بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی طرح دباؤ اور سخت حالات میں پر سکون رہتے ہوئے ملک کے لیے کامیابیاں سمیٹنا چاہتے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے نائب کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی کپتان دھونی کے کھیل کو بہت غور سے دیکھتے ہیں۔ جس طرح دھونی وکٹ کیپنگ اور بلے بازی کے ذریعے فتوحات دلواتے ہیں، وہ بھی پاکستان کے لیے ایسا ہی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جب سرفراز سے سوال پوچھا گیا کہ وہ کس نمبر پر بلے بازی کے خواہشمند ہیں؟ تو اُن کا جواب تھا کہ وہ ٹیم اور میچ کی ضرورت کے مطابق کسی بھی نمبر پر کھیلنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ایشیا کپ میں شکست کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ یقیناً وہاں خراب کارکردگی مایوس کن تھی۔ بنگلہ دیش کی وکٹیں کسی بھی ٹیم کے لیے آسان نہیں تھیں، اور تمام ہی ٹیموں کو ابتدائی 6 اوورز میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن متحدہ عرب امارات اور سری لنکا کے خلاف ملنے والی فتوحات کے سبب کھلاڑی پُراعتماد ہیں اور غلطیوں کا ازالہ کرکے یقیناً پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے سرفراز احمد نے اُمید کا اظہار کیا کہ بھارتی وکٹیں بلے بازوں کے لیے سازگار ثابت ہوں گی، جہاں کھلاڑیوں کو بہت زیادہ مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ عالمی کپ 2015ء میں ابتدائی تین مقابلوں کے بعد سرفراز احمد کو جنوبی افریقہ کے خلاف اہم مقابلے میں موقع دیا گیا تھا جہاں ان کی بلے بازی نے نہ صرف ناقدین کے منہ بند کیے بلکہ سرفراز احمد کو بھی قومی دستے میں مستقل مقام عطا کیا۔