پاکستان نے لہو گرما لیا، وارم-اپ میں سری لنکا کو شکست

2 1,050

بھارت کے لیے روانگی میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان کا پہلا وارم-اپ مقابلہ تو نہ ہو سکا لیکن دوسرے میں سری لنکا کے خلاف ایک بہترین کامیابی کے ساتھ حوصلے ضرور بلند ہوگئے ہیں۔ کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہونے والے پاک-لنکا مقابلے میں پاکستان نے محمد حفیظ کے ناقابل شکست 70 رنز اور پھر عماد وسیم کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو 15 رنز سے شکست دے دی۔

ایشیا کپ کی ناکام مہم کے بعد دونوں ٹیمیں آخری مقابلے میں بھی آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں کامیابی پاکستان کے ہاتھ لگی تھی اور آج بھی تقریباً وہی کہانی دہرائی گئی۔ بے اثر دکھائی دینے والی باؤلنگ لائن کے خلاف پاکستان نے خوب رنز بٹورے۔ بالخصوص محمد حفیظ نے بہت عمدہ بلے بازی کی۔ آٹھویں اوور میں صرف 47 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے ایک کنارے کو خوبی سے سنبھالے رکھا۔ گو کہ انہیں دوسرے سرے سے کوئی خاص تعاون نہیں ملا لیکن پھر بھی ان کی اننگز 157 رنز تک لے جانے کے لیے کافی ثابت ہوئی۔ حفیظ نے ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مددسے 49 گیندوں پر 70 رنز بنائے جبکہ شرجیل 21 گیندوں پر 23 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ عمر اکمل نے 19 اور احمد شہزاد نے 18 رنز بنائے۔

158 رنز کے دفاع میں پاکستان صرف ایک لمحے کے لیے پریشان کن مرحلے میں داخل ہوا جب گیارہویں اوور میں 76 رنز پر سری لنکا کے صرف دو کھلاڑی آؤٹ تھے اور لاہیرو تھریمانے خوبی کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ یہاں پر عماد وسیم کے دو اوورز نے مقابلے کا نقشہ ہی پلٹ دیا۔ وہ پہلے ہی دنیش چندیمال کی وکٹ لے چکے تھے لیکن گیارہویں اوور میں انہوں نے چمارا کپوگیدرا کو آؤٹ کیا اور پھر اسی کنارے سے اگلے اوور میں لاہیرو تھریمانے اور حریف کپتان اینجلو میتھیوز کو ٹھکانے لگا کر تہلکہ مچا دیا۔ تھریمانے 37 گیندوں پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیوز کی اننگز صرف 10 رنز پر تمام ہوئی۔ گو کہ سری لنکا 14 اوورز میں 109 رنز بنا چکا تھا اور اسے باقی 6 اوورز میں 49 رنز کی ضرورت تھی جو جدید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مشکل ہدف تصور نہیں کیا جاتا لیکن پاکستان نے پانچ وکٹیں لینے کے بعد دوبارہ پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ محمد عرفان کے ایک ہی اوور میں ملنڈا سری وردنا کا رن آؤٹ اور پھر تھیسارا پیریرا کی وکٹ نے گویا فیصلہ کردیا۔ 20 اوورز کا کھیل مکمل ہونے تک سری لنکا 9 وکٹوں پر 142 رنزہی بنا پایا اور یوں ایک اور ناکامی اس کے نصیب میں لکھی گئی۔

سری لنکا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء میں اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے اور ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے بعد ٹیم کی روح ختم ہوگئی ہے۔خاص طور پر تجربہ کار تلکارتنے دلشان کی فارم سخت مایوس کن ہے جو اس مقابلے میں پہلی ہی گیند پر صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوئے۔

عماد وسیم نے4 اوورز میں 25 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا اور یوں آئندہ مقابلوں کے لیے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں البتہ کپتان شاہد آفریدی کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ انہوں نے 4 اوورز میں سب سے زیادہ 40 رنز دیے اور کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کی۔ بلے بازی میں بھی وہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔ محمد عرفان نے بہت عمدہ باؤلنگ کی،4 اوورز میں صرف 18 رنز دیے اور دو قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے "سپر 10" مرحلے میں پاکستان کا پہلا مقابلہ بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا جبکہ سری لنکا جمعرات کو افغانستان سے کھیلے گا۔