شاہد آفریدی کی ذات پر گند اچھالنے کا کیا مطلب؟

10 1,325

میں شاہد آفریدی کا کوئی بہت بڑا مداح نہیں۔ وہ کیسا کھلاڑی ہے یہ بات ہم سب پچھلے بیس سال سے جانتے ہیں۔ کیا کوئی نئی بات ہو گئی؟ ایسا کیا کر دیا (یا نہیں کیا) آفریدی نے کہ لوگ ہتھے سے ہی اُکھڑ گئے۔ اور اگر جذبات اتنے ہی تھے تو بات کرکٹ تک ہی رہتی، یہ آفریدی کے ذات پر گند اچھالنے کا کیا مطلب؟ کسی کو دیکھو تو ببل گم کے اشتہار کے بہانے ذلیل کر رہا ہے، تو کوئی شیمپو کے اشتہار کے بہانے، کوئی لالچی کہا رہا ہے تو کوئی پیسہ بنانے کی مشین تو کوئی ایک سیدھی سی پریس کانفرنس کو لے کر آفریدی کو غدار کہہ رہا ہے۔ او جناب بس کر دو، وہ کھلاڑی ہے۔ اور بہت خطرناک کھلاڑی ہے، اکثر مخالف ٹیم کے لیے تو کبھی کبھی اپنی ٹیم کے لیے۔ آج سکون آگیا؟ کل پھر وہ دو چار پر آوٹ ہو گیا تو شروع ہو جائیں گے آپ۔

شاہد آفریدی کیا ہے ہم سب جانتے ہیں، اور آپ کیا ہیں؟
آپ وہ ہیں جو سڑک پر امیر آدمی کی گاڑی سے ٹکر کھانے کے بعد غریب آدمی کی موٹر سائیکل کو لات مار کر کہتے ہیں کہ سب تیری موٹر سائیکل کی وجہ سے ہوا ہے۔ آپ کو کرکٹ بورڈ چلانے والے سفارشی بڈھے تو نظر نہیں آتے، مگر آفریدی کی عمر نظر آتی ہے۔ آفریدی کی سیلفی تو بہت تنگ کرتی ہے۔ اور اپنی منحوس سیلفی ہمیں دکھاتے آپ کو تکلیف نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: تنقید کریں تذلیل نہ کریں

پوچھتے ہیں شاہد آفریدی نے کرکٹ میں کیا کیا ہے؟
آپ نے اپنے اپنے کام میں کتنے تیر مارے ہیں؟ کتنی دفعہ آپکی کمپنی صرف آپ کی وجہ سے کامیاب ہوئی؟ آپ نے کتنے گولڈ میڈل لے رکھے ہیں؟ آپ نے کتنے ایوارڈ جیت رکھے ہیں؟ آپ نے کتنے تمغہ حُسنِ کارکردگی سجا رکھے ہیں؟ آپ کی الماری کتنی ٹرافیوں سے بھری ہوئی ہے؟ ( آپ کی الماری میں ٹافی ضرور ہوگی، اُسے چوسیں تا کہ آپکی چونچ بند رہے)۔

کل مصباح چاچا ٹُک ٹُک تھا تو آج آفریدی چاچا صفر۔ کل تک عامر سٹے باز تھا آج آپکی آنکھ کا تارہ۔

آپ کو شاہد آفریدی تو نظر آتا ہے، اپنا آپ بھی نظر آتا ہے؟
آپ کو اتنے پیسے ملیں تو آپ " فن کو پُھلانے" کی بجائے اشتہار میں Touch پُھلا رہے ہوں۔ آپ کو اتنے پیسے ملیں تو سر کے بالوں میں شیمپو تو کیا آپ Veet Cream مل کر آجائیں۔ آپ کو اتنے پیسے ملیں تو Fair & Lovely چھوڑ آپ کسی Unfair & Ugly سے گرین کارڈ کے لیے جعلی شادی کر لیں۔

کہتے ہیں شاہد خان آفریدی نے پاکستان کی بے عزتی کرا دی۔۔۔
دو دو ٹکے کے لیے دو نمبری کرتے ہوئے تو آپ کو پاکستان کا وقار گرتا نظر نہیں آتا، جعلی کاغذ اور رشوت لیتے دیتے تو آپ کو پاکستان کا وقار نظر نہیں آتا۔ جعلی پاسپورٹ اور ویزہ خریدتے تودنیا میں پاکستان کا وقار بہت بلند کرتے ہیں آپ۔

بس کر دیں جناب۔ کھیل کو کھیل اور کھلاڑی کو کھلاڑی رہنے دیں۔ کھلاڑی کے کھیل پر تبصرہ کریں، اس کے کھیل کو برا بھلا کہہ لیں، لیکن اس کی ذات تو معاف رکھیں۔ مزا آتا ہے تو کرکٹ دیکھیں، نہیں آتا تو جائیں سیلفی بنا کر اپنا منہ دیکھیں۔ شاید کوئی شرم آ جائے، شاید کوئی حیا آ جائے۔