افغانستان کو ہرا کر سری لنکا نے اوسان بحال کرلیے

0 1,975

ایشیا کپ میں بری طرح ناکامی اور اس کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل وارم-اپ میں شکست نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو سخت تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔ بدترین حالات میں افغانستان کے مقابلے میں ایک اچھی کامیابی نے اس کے اوسان خاصی حد تک بحال کردیے ہوں گے۔ بالخصوص تلکارتنے دلشان کی 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے حوصلے کافی بلند کیے ہیں۔

ایڈن گارڈز، کلکتہ میں ہونے والے گروپ 1 کے مقابلے میں افغانستان نے مقابلہ توخوب کیا لیکن اس کے پاس دلشان کو روکنے کا کوئی طریقہ نہیں تھا۔ اس نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور کپتان اصغر ستانکزئی کی 62 رنز کی عمدہ اننگز اور آخر میں سمیع اللہ شنواری کے 13 گیندوں پر 31 رنز کی بدولت 153 رنز بنائے۔ ایک برے آغاز کے بعد کہ جس میں ان فارم محمد شہزاد صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور نور علی زدران، کریم صادق اور محمد نبی جیسے اہم بلے باز بھی 11 اوورز میں ہی میدان بدر ہو چکے تھے۔ افغانستان بیٹنگ کے دستیاب وسائل کے ساتھ آخری 9 اوورز میں کتنے رنز بنا سکتا تھا؟ اصغر ستانکزئی کی اننگز کی مدد سے 102 رنز۔ جی ہاں! افغانستان نے صرف 9 اوورز میں 102 رنز بنائے جس میں ستانکزئی نے صرف 47 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ سمیع اللہ شنواری نے ایک، دو اوٹ پٹانگ شاٹس کی مدد سے صرف 14 گیندوں پر 31 رنز کا اضافہ کیا۔ دونوں نے صرف 33 گیندوں پر 61 رنز کا اضافہ کیا اور آخر میں نجیب اللہ زدران نے تین گیندوں پر 12 رنز کے ساتھ 150 کی نفسیاتی حد بھی عبور کرادی۔

سری لنکا کی جانب سے تھیسارا پیریرا سب سے کامیاب باؤلر رہے کہ جنہوں نے 33 رنز دے کر تین کھلاڑيوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں رنگانا ہیراتھ کو ملیں۔

سری لنکا نے 154 رنز کے ہدف کا تعاقب اعتماد کے ساتھ کیا۔ دنیش چندیمال 18 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ لاہیرو تھریمانے کی طویل عرصے بعد واپسی کا کوئی خاص نتیجہ نہیں نکلا۔ وہ محض 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 12 اوورز میں 85 رنز بننے کے بعد تیسری وکٹ بھی گرگئی۔ اب سری لنکا کو آخری 8 اوورز میں 69 رنز کی ضرورت تھی۔ یہاں افغانستان کی فیلڈنگ نے اسے بہت مایوس کیا۔ مس فیلڈ کی وجہ سے سری لنکا کو کوئی مفت کے رنز ملے۔

سری لنکا نے 19 ویں اوور میں ہدف کوجا لیا۔ دلشان صرف 56 گیندوں پر تین چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنا کر فاتحانہ انداز میں میدان سے واپس آئے۔ انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی ملا۔

لہو گرمانے کے بعد اب سری لنکا کا بڑا امتحان 20 مارچ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوگا جس نے انگلستان کے خلاف اپنا پہلا مقابلہ زبردست انداز سے جیتا ہے۔ افغانستان کے لیے تو خیر سارے ہی مقابلے آزمائش ہیں۔ انہیں اسی روز یعنی اتوار کو جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرنا ہے۔