شاہد آفریدی کا یو ٹرن؛ بورڈ کے سامنے سرنگوں ہونے پر تیار

5 1,037

شاہد آفریدی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کے درمیان ملاقات کی تصدیق ہوجانے کے بعد جو امکانات ظاہر کیے جارہے تھے، ان میں پہلی پیش رفت شاہد آفریدی کی جانب سے سامنے آگئی ہے۔ شاہد خان آفریدی نے 7 جون کو سندھ ہائی کورٹ میں پی سی بی کی انضباطی کمیٹی کے خلاف دائر درخواست واپس لیتے ہوئے آئندہ جمعرات کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

شاہد آفریدی نے یوٹرن لیتے ہوئے بورڈ کے احکامات پر عمل کرنا شروع کردیا (تصویر: رائٹرز)

آفریدی کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے پی سی بی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جون کو تفصیلی جواب داخل کروانے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم آج جب اس کیس کے لیے عدالت سجائی گئی تو شاہد آفریدی کے وکلاء نے دونوں فریقین کے درمیان معاملات طے پاجانے کے باعث درخواست واپس لے لی۔ درخواست کی واپسی کے ساتھ ہی سندھ ہائی کورٹ کا وہ فیصلہ بھی ختم ہوگیا ہے جس میں انضباطی کمیٹی کو کاروائیاں روک دینے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی اور اعجاز بٹ کے درمیان صلح میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے دو سینیٹرز نے اہم کردار ادا کیا۔ ہائی کورٹ کی جانب سے اپنے حق میں فیصلہ حاصل نہ کرنے کے بعد شاہد نے آفریدی قبیلے کے سینیٹرز سے رابطہ کیا جنہوں نے پیٹرن ان چیف آصف علی زرداری کے سامنے اس معاملے کو رکھا تاہم انہوں نے کیس واپس لینے تک اس معاملہ میں مداخلت سے معذرت کرلی جس کے بعد سینیٹرز نے آفریدی اور اعجاز بٹ کے درمیان ملاقات کی کوششیں شروع کردیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران آفریدی کی تمام تر دلچسپی صرف این او سی کے حصول میں تھی جبکہ وہ قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے زیادہ پرجوش نظر نہیں آئے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ درخواست واپس لیے جانے کے بعد شاہد آفریدی 16 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قائم پی سی بی کے صدر دفتر میں انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے پابند ہیں۔ شاہد آفریدی کی جانب سے غیر معمولی لچک کے مظاہرے کے بعد ان کے وکیل سید علی ظفر نے توقع ظاہر کی ہے کہ شاہد آفریدی کو بورڈ کی جانب سے جلد این او سی جاری کردی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی اور آفریدی کے درمیان 'ڈیل' کے مطابق اگلے مرحلے میں بورڈ کو آفریدی کی جانب سے تحریری معذرت مطلوب ہے کہ جس میں وہ اپنے رویے پر معافی مانگیں۔ اس تحریری معذرت کے فوراً بعد آفریدی کو این او سی جاری کردی جائے گی۔