فیصل بینک سپر8 ٹی ٹوئنٹی کپ کے شیڈول کا اعلان

3 1,045

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سالانہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ 24 جون سے یکم جولائی تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

فیصل بینک ٹی 20 کپ 2010ء کا لوگو، رواں سال کے لوگو کی رونمائی تاحال نہیں ہوئی

فیصل بینک کا اسپانسر شدہ سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کپ پہلی مرتبہ کراچی یا لاہور کے علاوہ کسی شہر میں کھیلا جا رہا ہے اور یوں فیصل آباد کو یہ اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ وہ قومی کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کی میزبانی کرے گا۔ تمام مقابلے جیو سوپر پر براہ راست پیش کیے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی کپ میں حصہ لینے والی 8 ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے مطابق گروپ 'اے' میں دفاعی چیمپیئن لاہور لائنز، سیالکوٹ اسٹالینز، اسلام آباد لیپرڈز اور لاہور ہاکس کی ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ گروپ 'بی' فیصل آباد وولفز، راولپنڈی ریمز، کراچی ڈولفنز اور ملتان ٹائیگرز پر مشتمل ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی کپ کا افتتاحی میچ 24 جون کو میزبان فیصل آباد وولفز اور ملتان ٹائیگرز کے درمیان ہوگا۔ گروپ مرحلے کے اختتام پر 30 جون کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل یکم جولائی کو منعقد ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا اسپانسر فیصل بینک فاتح ٹیم کو 25 لاکھ روپے سے نوازے گا جبکہ رنر اپ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے جو شام 5 اور رات 9 بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان کے کئی مایہ ناز کھلاڑی اس وقت انگلستان میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، اس لیے خدشہ ہے کہ چند معروف کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر پائیں گے لیکن کرکٹ سے محروم میدانوں میں ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد ضرور شائقین کے لیے خوشی کا باعث ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی کپ پاکستان کے مقامی کرکٹ ٹورنامنٹس میں سے شائقین میں سب سے زیادہ مقبول ٹورنامنٹ ہے۔ کراچی اور لاہور میں کھیلے گئے گزشتہ ٹورنامنٹس میں حتمی مقابلوں میں تماشائیوں سے بھرے ہوئے میدان بھی دیکھے گئے۔ ابھی حال ہی میں فیصل آباد میں پاکستان اے اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں تماشائیوں کی بھرپور آمد سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فیصل آباد ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ دیکھنے کے لیے جوق در جوق اقبال اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔

فیصل بینک سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی کپ 2011ء
بمقام اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد
24 جون تا یکم جولائی 2011ء

تاریخ مقابل ٹیمیں بوقت
24 جون فیصل آباد وولفز بمقابلہ ملتان ٹائیگرز شام 5 بجے
24 جون کراچی ڈولفنز بمقابلہ راولپنڈی ریمز رات 9 بجے
25 جون اسلام آباد لیپرڈز بمقابلہ حیدرآباد ہاکس شام 5 بجے
25 جون لاہور لائنز بمقابلہ سیالکوٹ اسٹالینز رات 9 بجے
26 جون کراچی ڈولفنز بمقابلہ ملتان ٹائیگرز شام 5 بجے
26 جون فیصل آباد وولفز بمقابلہ راولپنڈی ریمز رات 9 بجے
27 جون سیالکوٹ اسٹالینز بمقابلہ حیدرآباد ہاکس شام 5 بجے
27 جون لاہور لائنز بمقابلہ اسلام آباد لیپرڈز رات 9 بجے
28 جون کراچی ڈولفنز بمقابلہ فیصل آباد وولفز شام 5 بجے
28 جون راولپنڈی ریمز بمقابلہ ملتان ٹائیگرز رات 9 بجے
29 جون اسلام آباد لیپرڈز بمقابلہ سیالکوٹ اسٹالینز شام 5 بجے
29 جون لاہور لائنز بمقابلہ حیدرآباد ہاکس رات 9 بجے
30 جون پہلا سیمی فائنل شام 5 بجے
30 جون دوسرا سیمی فائنل رات 9 بجے
یکم جولائی فائنل شام 7 بجے
25 جون