شکست کی وجہ کپتان کی ناقص حکمت عملی تھی: وقار یونس

9 1,066

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد اپنی باقاعدہ رپورٹ تیار کرلی ہے جس میں سارا الزام کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی اور فٹنس کے ساتھ ساتھ کپتان شاہد آفریدی کی ناقص حکمت عملی کو دیا گیا ہے۔

منگل کو انکوائری کمیٹی کے اجلاس کے لیے تیار کی گئی رپورٹ میں وقار یونس نے شکست کی متعدد وجوہات بیان کی ہیں لیکن سب سے زیادہ قصور وار کھلاڑیوں کو ہی قرار دیا گیا ہے۔ کوچ کے مطابق "نہ تو کھلاڑیوں کی فٹنس مثالی تھی اور نہ ہی وہ پلان کے مطابق میدان میں کھیل پیش کرسکے، یہی وجہ ہے کہ قومی ٹیم کو چار میں تین مقابلوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔"

رپورٹ میں وقار یونس کا مزید کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کے علاوہ کپتان شاہد آفریدی نے بھی ایونٹ میں بہت مایوس کیا ہے۔ نہ تو اُن کا بلّا رنز اگلنے میں کامیاب ہوسکا اور نہ ہی گیند بازی میں انہوں نے کوئی نمایاں کارنامہ سرانجام دیا۔ صرف یہی نہیں بلکہ کپتانی کے معاملے میں بھی ان کی منصوبہ ناقص دکھائی دی۔ وہ مطلوبہ نتائج برآمد کرنے میں مسلسل ناکام رہے اور جب مشکل صورتحال میں جارحانہ فیصلوں کی ضرورت تھی اُس وقت بھی کچھ اور ہی کرتے دکھائی دیے۔ بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست اِس کی واضح مثال ہیں۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ کوچ نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کا نام لے کر کہا ہے کہ انہوں نے بورڈ سے ایک سال پہلے گزارش کی تھی کہ ان دونوں کھلاڑیوں کے حوالے سے کوئی سخت فیصلہ کیا جائے، لیکن وہ نہیں کیا گیا اور اُس کا نتیجہ ٹیم آج بھی بھگت رہی ہے۔

رپورٹ میں وقار یونس نے یہ شکایت بھی کی ہے کہ ورلڈ کپ 2015ء کے بعد پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنے کے لیے جو تجاویز پیش کی گئی تھیں، اُن پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔ رپورٹ میں کھلاڑیوں اور کپتان کے ساتھ ساتھ سلیکشن کمیٹی کی کارکردگی پر بھی اعتراض کیا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی کن اصولوں کے تحت ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے کہ وہ اُن کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

یاد رہے کہ انکوائری کمیٹی کا اجلاس منگل کو یعنی کل قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں واقع پی سی بی کے صدر دفاتر میں ہوگا جس میں کوچ کے ساتھ ساتھ پی سی بی کے چئیرمین شہریار خان، کپتان شاہد آفریدی اور مینیجر انتخاب عالم بھی شریک ہوں گے۔

Waqar-Younis-Shahid-Afridi