انگلستان نے ثابت کردیا کہ وہ بہترین ہے: جیسن روئے

0 1,133

ابتدائی 10 اوورز میں محض ایک وکٹ پر 89 رنز کھانے کے بعد نیوزی لینڈ جیسی بیٹنگ لائن کو صرف 153 رنز تک محدود کرنا کسی خواب سے کم نہیں تھا۔ سیمی فائنل جیسے بڑے مقابلے میں انگلستان نے کمال کی کارکردگی دکھائی۔ ہف کے تعاقب میں پہلے ہی اوور میں چار چوکے لگا کر دباؤ کم کیا اور ابتدائی 45 گیندوں پر بغیر کسی نقصان کے 78 رنز بنا کر اگلی 75 گیندوں کے لیے اتنے ہی رنز بچائے، وہ بھی پوری دس وکٹوں کے ساتھ۔گویا ابتدائی بلے بازوں نے دباؤ کو کھڑکی سے اٹھا کر باہر پھینک دیا لیکن انگلستان کی کامیابی میں اوپنر جیسن روئے کا کردار اہم تھا۔

نیوزی لینڈ جس کے سامنے تمام "بڑوں" نے گھٹنے ٹیکے، خود جیسن روئے کے سامنے جھکنے پر مجبور ہوگیا۔ اس مقابلے میں روئے نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی پہلی نصف سنچری بنائی اور واقعی پہلی نصف سنچری کا اس سے اچھا موقع اور کوئی ہو نہیں سکتا۔ روئے کہتے ہیں کہ چند حلقوں کی جانب سے یہ تاثر قائم کیا جا رہا تھا کہ انگلستان اس قابل نہیں ہے، اسے باہر ہونا چاہیے، یہ نیوزی لینڈ کے سامنے کچھ نہیں کر سکیں گے لیکن اب وہ امید کرتے ہیں کہ فائنل تک پہنچنے کے بعد یقیناً ہماری اہمیت کو تسلیم کیا جائے گا۔

بلاشبہ انگلستان بھرپور محنت اور جذبے کے ذریعے اس مقام تک پہنچا ہے ورنہ پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 182 رنز بنانے کے باوجود شکست کسی اور ٹیم کو ہوتی تو وہ ہمت ہار دیتی۔ لیکن انگلستان نے بھرپور محنت کی بلکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 230 رنز کا ریکارڈ ہدف ناقابل یقین انداز میں عبور کرکے اپنا لوہا منوایا۔

روئے نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کی بنیاد کرس جارڈن اور بین اسٹوکس نے رکھی کہ جنہوں نے آخری چار اوورز میں صرف 20 رنز دیے اور ابتدائی اوور میں چار چوکوں کے بعد تو اعتماد آسمان سے باتیں کررہا تھا۔ روئے نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ میری کارکردگی کی وجہ سے انگلستان فائنل تک پوچھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ کسی ایک فرد کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ سب کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اب کوشش ہوگی کہ اسی ٹیم ورک کے ساتھ فائنل بھی جیتا جائے۔

اب انگلستان کے لیے ایک اور بڑا دن ہے، جو شاید مشکل بھی ہوگا۔ مشکل اس لیے کہ فائنل کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہے جہاں انگلستان نے اب تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کا کوئی میچ نہیں کھیلا اور پھر مقابلہ بھی ویسٹ انڈیز سے ہے جس کے ہاتھوں انگلستان کو اب تک ٹورنامنٹ کی واحد شکست ہوئی ہے۔ ایک بہت بڑے میدان پر اور بہت بڑے مقابلے میں انگلستان کیا کرے گا؟ اس وقت ٹیم کے بڑے سر جوڑ کر بیٹھے ہیں، منصوبہ بندیاں جاری ہیں، دیکھتے ہیں کہ وہ کالی آندھی سے کس طرح نمٹتے ہیں؟

Jason-Roy2