روز ٹیلر کو نیوزی لینڈ کا نیا کپتان بنا دیا گیا

1 1,049

نیوزی لینڈ نے روز ٹیلر کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے اور وہ کھیل کے تینوں فارمیٹس میں بلیک کیپس کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

روز ٹیلر اب تینوں طرز کی کرکٹ میں بلیک کیپس کی قیادت کریں گے

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرک نامہ کے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق بورڈ نے یہ فیصلہ ڈائریکٹر کرکٹ جان بکانن، کوچ جان رائٹ اور قائم مقام مینیجر قومی سلیکشن مارک گریٹ بیچ کی سفارش پر کیا ہے۔

27 سالہ روز ٹیلر کو برینڈن میک کولم پر ترجیح دی گئی ہے۔ مذکورہ بالا تینوں افراد پر مشتمل کمیٹی نے تین ماہ کے طویل عرصے کے بعد مستقل قائد کا تقرر کیا ہے کیونکہ عالمی کپ 2011ء کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد ڈینیل ویٹوری نے قیادت سے استعفی دے دیا تھا۔

روز ٹیلر نے بلیک کیپس کی قیادت ملنے پر کہا کہ انہوں نے ڈین ویٹوری کی زیر قیادت بہت کچھ سیکھا ہے اور نیوزی لینڈ کی کھیلوں کی دنیا کے اس اعلی ترین عہدے کو حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ میری نظریں اب اس چیلنج سے نمٹنے پر مرکوز ہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ کے سی ای او جسٹن وان کا کہنا ہے کہ روز ٹیلر ایک کامیاب قائد کے لیے درکار تمام خصوصیات کے حامل ہیں ۔ انہوں نے ڈین ویٹوری کی جگہ بخوبی سنبھالی ہے اور انہیں جب بھی موقع ملا انہوں نے خود کو انتہائی قابل قائد ثابت کیا۔

روز ٹیلر کے انتخاب کا ایک اہم سبب ان کا مستقل بہتر کارکردگی پیش کرنا اور قیادت کا موقع ملنے پر خود کو ثابت کرنا ہے۔ انہوں نے 14 ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں سے 6 فتوحات سمیٹی ہیں جبکہ ان کے حریف میک کولم نے 9 مقابلوں میں صرف 2 میں ٹیم کو فتح تک پہنچایا۔