سنجے بانگر بھارتی ٹیم کے عارضی کوچ بنا دیے گئے

0 1,046

بھارت نے سابق آل راؤنڈر سنجے بانگر کو دورۂ زمبابوے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا عارضی ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ بانگر اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے ٹیم کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور اس وقت انڈین پریمیئر لیگ میں کنگز الیون پنجاب کے ہیڈ کوچ ہیں۔ ان کے ساتھ ابھے شرما کو فیلڈنگ کوچ کا عہدہ دیا گیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق سابق کرکٹر اور آندھرا کرکٹ ایسوسی ایشن کے علاقائی سیکریٹری کوکا رمیش کو دورے کے لیے انتظامی مینیجر مقرر کیا گیا ہے۔

زمبابوے کے دورے کا آغاز 8 جون سے ہوگا جس میں بھارت تین ایک روزہ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے گا۔

بی سی سی آئی ایک کل وقتی ہیڈ کوچ کی تلاش میں ہے کیونکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری کے عہدے کی میعاد مکمل ہو چکی ہے۔ نو منتخب صدر انوراگ ٹھاکر نے حال ہی میں اگلے ہیڈ کوچ کے تعین کے لیے دو ماہ کے وقت کا عندیہ دیا ہے اور اس عہدے کے لیے 10 جون تک درخواستیں وصول کرنے کا بھی اعلان کیا۔

زمبابوے کے دورے کے لیے گو کہ قیادت بدستور مہندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں میں ہوگی لیکن کئی کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا ہے اور دستہ زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

sanjay-bangar