سری لنکا حال سے بے حال، انگلش اوپنرز چھا گئے

0 1,040

پہلے ایک روزہ میں آخری گیند پر لیام پلنکٹ کا چھکا سری لنکا کے حوصلوں کو کتنا گرانے میں کامیاب رہا اس کا اندازہ دوسرے ایک روزہ کے نتیجے سے لگا لیجیے کہ جہاں پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا 254 رنز بنانے میں تو کامیاب رہا لیکن ہدف کے دفاع میں ایک وکٹ تک ان کے ہاتھ نہ آ سکی۔ ایجبسٹن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میں انگلستان کے اوپنرز جیسن روئے اور ایلکس ہیلز نے ریکارڈ شراکت داری قائم کرکے سری لنکا کو 10 وکٹوں کی بدترین شکست سے دوچار کیا ہے۔

255 رنز کے ہدف کے تعاقب کرنے کے لیے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز میدان میں اترے اور "آ گیا ہے، تے چھا گیا ہے" کے مصداق سری لنکا کو حال سے بے حال کردیا۔ گزشتہ ایک روزہ میں آخری گیند پر چھکا کھا کر صدمہ کھانے والی سری لنکن باؤلنگ لائن آج تو بے دانت کا شیر ثابت ہوئی۔ روئے اور ہیلز نے نہ صرف اپنی اپنی سنچریاں بنائیں بلکہ ایک ناقابل شکست ریکارڈ شراکت داری بھی قائم کی۔ وہ بھی اس طرح کہ 95 گيندوں کا کھیل ابھی باقی تھا۔ انگلستان 35 ویں اوور کی پہلی گیند پر ہی ہدف پر پہنچ گیا تھا۔

ایلکس ہیلز اور جیسن روئے کی 255 رنز کی شراکت داری نہ صرف انگلستان کی کسی بھی اوپننگ جوڑی کی، بلکہ کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت داری تھی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جوناتھن ٹراٹ اور اینڈریو اسٹراس کے پاس تھا جنہوں نے 2010ء میں بنگلہ دیش کے خلاف 250 رنز بنائے تھے۔ ویسے دونوں بلے بازوں کا آغاز اتنا تیز نہیں تھا۔ پہلے ایلکس ہیلز نے اپنی نصف سنچری 55 گیندوں پر مکمل کی اور پھر کچھ ہی دیر بعد جیسن روئے بھی اتنی ہی گیندوں پر 50 رنز کا سنگ میل عبور کرگئے۔ اس کے بعد دونوں نے کھیل کی رفتار تیز کرنا شروع کردی۔ ہیلز نے سیکوگے پرسنا کو پانچ گیندوں پر تین چھکے اور دو چوکے لگائے۔ ایلکس ہیلز نے اپنی بہترین ایک روزہ اننگز کے دوران سنچری کا سنگ میل 91 رنز پر عبور کیا۔ انہوں نے 6 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 135 گیندوں پر 133 رنز بنائے۔ جیسن روئے نے بھی اپنی 'بیسٹ اننگز' کھیلی اور 92 گیندوں پر سنچری مکمل کرنے کے بعد 112 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

سری لنکا کی جانب سے سب سے مایوس کن باؤلنگ پرسنا کی تھی جنہوں نے 8.1 اوورز میں 78 رنز کھائے۔ سورج رندیو کو 8 اوورز میں 62 جبکہ نووان پردیپ کو 4 اوورز میں 31 رنز پڑے۔ فرویز مہاروف نے 7 اوورز میں 47 رنز دیے۔

قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور دنیش چندیمال اور اوپل تھارنگا کی نصف سنچریوں اور کپتان اینجلو میتھیوز کے 44 رنز کی بدولت 254 رنز کا مناسب مجموعہ اکٹھا کیا۔ چندیمال نے 86 گیندوں پر 52 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ تھارنگا نے آخر میں ناٹ آؤٹ 53 رنز بنائے۔ آٹھویں وکٹ پر تھارنگا نے سورج رندیو کے ساتھ 63 رنز کا اضافہ کیا۔

آخر میں جیسن روئے کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ایک روزہ 26 جون کو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔

Jason-Roy