"لارڈز کے لارڈ" مصباح کی سنچری ریکارڈز کی نظر میں

2 1,035

لارڈز "کرکٹ کا گھر" کہلاتا ہے اور جو بات اس میدان کی ہے، دنیا میں کسی کی نہیں۔ یہاں سنچری بنانے اور پانچ وکٹیں لینے والے کو ہمیشہ یاد کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کی بدقسمتی دیکھیں کہ بین الاقوامی کرکٹ میں 15 سالوں سے موجود ہیں لیکن آج تک لارڈز میں کوئی مقابلہ نہیں کھیل سکے تھے۔ ٹاس جیتا، پہلے بلے بازی سنبھالی اور اس وقت میدان میں اترے جب پاکستان 77رنز پر 3وکٹیں گنوا چکا تھا۔ یہی موقع تھا اور مصباح نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پہلے ہی جھٹکے میں ایک یادگار سنچری بنائی، اس سے بھی زیادہ یادگار جشن بھی منایا اور ریکارڈ بک میں بھی کئی بار اپنا نام لکھوا لیا۔

Misbah-ul-Haq3

لارڈز کے میدان میں گونجتی تالیوں کے دوران مصباح کرکٹ تاریخ میں سب سے زیادہ عمر میں سنچری بنانے والے کپتان بھی بنے۔ مصباح الحق نے اپنی یہ دسویں ٹیسٹ سنچری 42 سال اور 47 دن کی عمر میں بنائی۔ آج تک کوئی کپتان اس عمر کو پہنچ کر تہرا ہندسہ عبور نہیں کر سکا۔ یہ اعزاز اس سے قبل آسٹریلیا کے بوب سمپسن کےپاس تھا کہ جنہوں نے 1978ء میں بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اس وقت سنچری بنائی تھی جب ان کی عمر 41 سال اور 359 دن تھی۔ انہوں نے ڈیڑھ ماہ قبل ہی ہم وطن واروک آرمسٹرانگ کا 1921ء میں قائم کردہ ریکارڈ توڑا تھا۔

سب سے زیادہ عمر میں سنچری بنانے والے کپتان

بلے باز رنز بمقابلہ بمقام بتاریخ عمر
مصباح الحق 110* انگلستان لارڈز جولائی 2016ء 42 سال 47 دن
بوب سمپسن 100 بھارت ایڈیلیڈ جنوری 1978ء 41 سال 359 دن
بوب سمپسن 176 بھارت پرتھ دسمبر 1977ء 41 سال 316 دن
واورنک آرمسٹرونگ 123* انگلستان ملبورن فروری 1921 41 سال 265 دن
واورنک آرمسٹرونگ 121 انگلستان ایڈیلیڈ جنوری 1921ء 41 سال 237 دن
واورنک آرمسٹرونگ 158 انگلستان سڈنی دسمبر 1920ء 41 سال 209 دن
مصباح الحق 102 انگلستان دبئی اکتوبر 2015ء 41 سال 147 دن

40 سال کا ہندسہ عبور کرنے کے بعد یہ مصباح کی پانچویں سنچری ہے اور آج تک کوئی کپتان عمر کا یہ مرحلہ پار کرنے کے بعد تین سے زیادہ سنچریاں نہیں بنا سکا۔ لیکن اس سے اہم بات یہ ہے کہ کپتان کی حیثیت سے یہ مصباح کی آٹھویں سنچری تھی جس کی بدولت وہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے کپتان بن گئے ہیں۔ انضمام الحق نے اپنے کیریئر میں 7 ایسی کیپٹن اننگز کھیلی تھیں، جن میں وہ تہرے ہندسے تک پہنچے تھے۔

اگر سب سے زیادہ عمر میں سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کو دیکھیں تو مصباح کی یہ اننگز چھٹے نمبر پر آتی ہے۔ بزرگ ترین سنچورین کا اعزاز انگلستان کے جیک ہوبس کو حاصل ہے جنہوں نے مارچ 1929ء میں آسٹریلیا کے خلاف ملبورن میں 142 رنز کی اننگز اس وقت کھیلی تھی جب ان کی عمر 46 سال اور 82 دن تھی۔ آج 87 سال گزر جانے کے باوجود یہ ریکارڈ جوں کا توں موجود ہے۔ بہرحال، مصباح پاکستان کے لیے سنچری بنانے والے معمر ترین کھلاڑی تو ہیں ہی۔ اس فہرست کے دیگر بلے باز آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں:

سب سے زیادہ عمر میں سنچری بنانے والے بلے باز

بلے باز رنز بمقابلہ بمقام بتاریخ عمر
جیک ہوبس 142 آسٹریلیا ملبورن مارچ 1929ء 46 سال 82 دن
پیٹسی ہینڈرسن 132 آسٹریلیا مانچسٹر جولائی 1934ء 45 سال 151 دن
ویرن بارڈسلی 193* انگلستان لارڈز جون 1926ء 43 سال 202 دن
ڈیو نورس 111 آسٹریلیا جوہانسبرگ نومبر 1921ء 42 سال 291 دن
فرینک وولی 154 جنوبی افریقہ مانچسٹر جولائی 1929ء 42 سال 61 دن
مصباح الحق 110* انگلستان لارڈز جولائی 2015ء 42 سال 47 دن