ہر ملک کا بہترین بلے باز، شین وارن کی نظر سے

0 1,292

پاک-انگلستان سیریز میں تجزیہ کار کی حیثیت سے شریک شین وارن نے ہر ملک کے اس بلے باز کا ذکر کیا ہے، جس کے خلاف انہیں سب سے زیادہ مشکل پیش آتی تھی۔ 145 ٹیسٹ مقابلوں میں 708 شکار کرنے والے وارن نے 90ء کی دہائی سے لے کر نئی صدی کے پہلے عشرے تک دنیا بھر کے بلے بازوں پر دھاک بٹھائی۔ اب وہ انکشاف کرتے ہیں ہر ملک کے اس ایک بلے باز کا، جو سب سے بہترین تھا۔

اس فہرست میں وارن کا پہلا انتخاب بھارت کے سچن تنڈولکر ہیں جنہیں 'اسپن کنگ' نے اپنے زمانے کا بہترین بلے باز قرار دیا۔ وہ کہتے ہیں کہ تیز باؤلر ہو یا اسپنر، کنڈیشن کیسی بھی ہو سچن رنز بنانے کا فن جانتے تھے۔

ویسے تو وارن ایک عمدہ گیندباز تھے، لیکن بھارت کے خلاف ان کی دال زیادہ نہیں گلی۔ 14 ٹیسٹ مقابلوں میں وہ صرف 43 بھارتی وکٹیں حاصل کر سکے جو ان کے شایان شان نہیں ہے۔

بہرحال، پھر 46 سالہ وارن نے روایتی حریف انگلستان کے گراہم گوچ کا نام لیا ہے۔ گوچ طویل عرصے تک انگلستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز رہے یہاں تک کہ کچھ عرصہ قبل موجودہ کپتان ایلسٹر کک نے ان کا یہ ریکارڈ توڑا۔

جنوبی افریقہ کے لیے شین وارن کا انتخاب سابق کپتان ہنسی کرونیے اور عظیم آل راؤنڈر ژاک کیلس ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے انہیں ہمیشہ مارٹن کرو سے پریشانی رہی حالانکہ جب وارن آئے تھے تو کرو اپنے آخری کرکٹ ایام گزار رہے تھے۔ ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کا انتخاب کرتے ہوئے وارن نے کہا کہ وہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے میرے سب سے مشکل حریف تھے۔ اگر آپ کو کسی ٹیسٹ کے آخری دن جیتنے کے لیے 400 رنز کی ضرورت ہو تو آپ ضرور چاہیں گے کہ لارا آپ کی طرف سے کھیلیں۔ وہ ایک عظیم کھلاڑی اور بہترین دوست ہیں۔ سری لنکا کے ارونڈا ڈی سلوا، زمبابوے کے ڈیو ہاؤٹن اور بنگلہ دیش کے محمد اشرفل کو شین وارن نے اپنے مقابل ان ملکوں کے بہترین بیٹسمین قرار دیا۔

saeed-anwar

پاکستان کے لیے شین وارن کا انتخاب نہ ہی انضمام الحق ہیں اور نہ "آسٹریلیا دشمن" اعجاز احمد بلکہ ان کی نظر بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اسٹائلش بلے باز سعید انور پر ٹھیری ہے۔ پاکستانی اوپنر نے اپنے آسٹریلیا کے خلاف چھ ایسے ٹیسٹ کھیلے، جن میں شین وارن ان کے مقابل تھے۔ ان مقابلوں میں سعید انور نے پانچ نصف سنچریاں اور ایک سنچری بنائی، جو پاکستان کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا میں بھی اسکور کی گئیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ وارن کا انتخاب سعید انور بنے ہیں۔