بھارت-ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز امریکا میں ہونے کا امکان

0 1,031

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹ بورڈ کے حکام اگلے ماہ فلوریڈا میں ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی ایک سیریز کے امکانات پر گفتگو کے لیے ملاقات کر رہے ہیں، جو ممکنہ طور پر لوڈرہل کے سینٹرل برووارڈ ریجنل پارک میں کھیلی جائے گی۔

پارک کے مینیجر ڈنکن فنچ کے مابق ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے حکام نے دو سے تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے میدان کی دستیابی کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، جو ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان جاری سیریز کے اختتام پر ہوں گے۔ دونوں ملکوں کی جاری سیریز 22 اگست کو ٹرینیڈاڈ میں ختم ہوگی۔

فنچ نے بتایا ہے کہ اگست کے اواخر میں اسٹیڈیم کی دستیابی کے حوالے سے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے بذریعہ ای میل رابطہ کیا تھا۔ ہمارے پاس 24 سے 27 اگست تک کی تاریخی ہیں اور وہ اتوار 28 اگست بھی لب کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے ہمیں ایک چھوٹی سی تقریب کو منسوخ کرنا پڑے گا تاکہ انہیں اتوار کو بھی میچ دے سکیں۔

ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز بورڈ امریکا میں مقابلوں کے انعقاد کے لیے آئی سی سی سے بھی رابطہ کر چکا ہے۔ 2012ء میں ویسٹ انڈیز نے یو ایس اے کرکٹ ایسوسی ایشن کے ذریعے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے تھے۔ البتہ اب ایسوسی ایشن سے اختیارات چھین لیے گئے ہیں کیونکہ جون 2015ء میں آئی سی سی نے امریکی بورڈ کی حیثیت واپس لے لی ہے۔ اگر کوئی معاہدہ ہو گیا تو یہ 2012ء کے بعد امریکا میں ہونے والے بڑی ٹیموں کے پہلے مقابلے ہوں گے۔

فلوریڈا کے اس میدان نے 28 سے 31 جولائی تک کیربیئن پریمیئر لیگ کے چھ مقابلوں کی بھی میزبانی کرنی ہے۔ یکم سے 3 اگست تک یہاں امریکا کی قومی ٹیم کے سلیکشن ٹرائل بھی ہوں گے جس کے ذریعے اکتوبر میں ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن فور کے لیے 14 رکنی دستے کا انتخاب ہوگا۔ میدان میں صرف چار پچیں موجود ہیں، جن میں سے دو سی پی ایل کے لیے پریکٹس کے طور پر استعمال ہو رہی ہیں جبکہ دو لیگ کے میچز کے لیے مخصوص ہیں۔ اس لیے اگر ویسٹ انڈیز اور بھارت کے بورڈز کے درمیان اتفاق ہو بھی گیا تو معیاری وکٹیں ترتیب دینا ایک چیلنج ہوگا۔

لوڈرہل امریکا میں واقع واحد میدان ہے جو ایک روزہ مقابلوں کے لیے آئی سی سی کی سند رکھتا ہے اور ایک ممکنہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے صرف یہی ایک ممکنہ جگہ ہے۔

Andre-Russell