مستفیض چھ ماہ کے لیے کرکٹ سے باہر

0 1,056

بنگلہ دیش کے لیے اثاثہ سمجھے جانے والے تیز گیند باز مستفیض الرحمٰن اگلے ماہ کندھے کی سرجری کروائیں گے جس کے بعد کم از کم چھ ماہ کے لیے کرکٹ سے دور رہیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ آسٹریلیا یا انگلستان میں آپریشن کروانے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس کے لیے حتمی فیصلہ پیر تک کرلیا جائے گا۔ مستفیض بھی آپریشن کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔

مستفیض سسیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب کے لیے کھیلنے کی خاطر انگلستان میں تھے کہ دو مقابلوں کے بعد ہی انہیں کندھے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ ڈاکٹر سے رجوع کیا گیا تو معلوم ہوا کہ آپریشن کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ لیکن زیادہ مایوس کن خبر یہ ہے کہ اس کے بعد وہ چھ ماہ تک کرکٹ کھیلنے کے قابل نہیں ہوں گے یعنی رواں سال انگلستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل پائیں گے۔

بنگلہ دیش بورڈ کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس کا کہنا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ مستفیض کا علاج بہترین ڈاکٹر سے کروایا جائے۔ اس لیے گزشتہ چند دنوں میں ان کی رپورٹس متعدد جگہ بھیجی گئی ہیں، جس کے بعد انگلستان اور آسٹریلیا کے ایک، ایک معالج کا انتخاب ہوا ہے۔ اب سوموار تک حتمی فیصلہ ہوجائے گا کہ کس ڈاکٹر سے علاج کروانا ہے۔

اپنی گیند بازی سے دنیا کو متاثر کرنے والے مستفیض پہلی بار زخمی نہیں ہوئے۔ وہ رواں سال کے آغاز میں زمبابوے کے خلاف کھیلتے ہوئے زخمی ہوئے تھے اور یوں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسے اہم ٹورنامنٹس سے بھی باہر ہوگئے تھے۔ بعد ازاں وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی شرکت نہ کر سکے۔

Mustafizur-Rahman