کارلوس بریتھویٹ ویسٹ انڈیز کے نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان بنا دیے گئے

0 1,028

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے صرف 8 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا تجربہ رکھنے والے آل راؤنڈر کارلوس بریتھویٹ کو نیا کپتان بنا دیا ہے جو رواں ماہ کے اواخر میں بھارت کے خلاف فلوریڈا میں ہونے والے دو مقابلوں میں قیادت کریں گے۔ یوں ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ عالمی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی کے عہد کا نہ صرف باضابطہ طور پر خاتمہ ہوگیا ہے بلکہ اب ٹی ٹوئنٹی دستے میں انہیں عام کھلاڑی کی حیثیت سے بھی جگہ نہیں دی گئی۔ سیمی نے چند روز قبل ہی بذریعہ وڈیو پیغام بتا دیا تھا کہ انہیں قیادت سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ڈبلیو آئی سی بی حکام کے مطابق ڈیرن سیمی کے اخراج کا فیصلہ مشکل تھا لیکن چیئرمین سلیکٹرز کورٹنی براؤن نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ قدم اٹھایا۔ یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء میں سیمی نے تین اننگز میں صرف 13 گیندوں کا سامنا کیا تھا اور 8 رنز بنائے تھے جبکہ گیندبازی میں بھی تین اوورز میں ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنے تفصیلی بیان میں سلیکشن کمیٹی نے ڈیرن سیمی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا کہ جن کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے 2012ء اور 2016ء میں دو مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتا۔

نئے کپتان کارلوس بریتھویٹ بھارت کے خلاف تینوں طرز کی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ گزشتہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں آخری چار گیندوں پر چار چھکے لگانے کا تاریخی کارنامہ انجام دے کر وہ عالمی شہرت سمیٹ چکے ہیں۔ کورٹنی براؤن کہتے ہیں کہ کارلوس مختصر اوورز کے فارمیٹ کا بہترین کھلاڑی ہے اور کھیل کے متعلق اس کی مثبت سوچ اور پرعزم انداز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا۔ امید ہے کہ بھارت کے خلاف برابر کی ٹکر دیکھنے کو ملے گی۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی نہ کھیل پانے والے سنیل نرائن اور کیرون پولارڈ بھی دستے میں واپس آئے ہیں۔ پولارڈ نے انجری سے صحت یابی میں خاطر خواہ پیشرفت نہ ہونے کی وجہ سے جبکہ نرائن نے باؤلنگ ایکشن کے معاملے پر نامزد دستے سے اپنا نام واپس لیا تھا۔ دونوں نے ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلی گئی سہ فریقی سیریز میں حصہ لیا تھا اور بہترین کارکردگی دکھائی تھی۔

دنیش رام دین، سلیمان بین، ایشلے نرس اور جیروم ٹیلر جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں، جس کی وجہ سہ فریقی سیریز اور کیربیئن پریمیئر لیگ میں ناقص کارکردگی ہے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

کارلوس بریتھویٹ (کپتان)، ایون لوئس، آندرے رسل، آندرے فلیچر، جانسن چارلس، جیسن ہولڈر، ڈیوین براوو، سنیل نرائن، سیموئل بدری، کرس گیل، کیرو پولارڈ،لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔