سپر ایٹ ٹی 20، کئی اہم کھلاڑی شرکت نہیں کر پائیں گے

3 1,034

پاکستان کا سب سے بڑا ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ سپر ایٹ ٹی 20 نئے نام، نئے فارمیٹ اور نئے میدان میں 24 جون سے جلوہ گر ہو رہا ہے لیکن پاکستان کے مایہ ناز ترین کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔

ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پاکستان کے شائقین کا مقبول ترین ایونٹ ہے

ٹورنامنٹ میں گزشتہ سال کی سرفہرست 8 ٹیموں کو اس مرتبہ کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے اور باقی ٹیمیں کوالیفائی نہیں کر پائیں۔ گزشتہ سال 2010ء میں کل 13 ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی جن کی تعداد رواں سال گھٹا کر محض 8 کر دی گئی ہے۔ یوں ایک جانب جہاں کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف کھلاڑی شاہد آفریدی، عبد الرزاق، سعید اجمل اور وہاب ریاض ایکشن میں نظرنہیں آئیں گے، وہیں کوالیفائی نہ کرنے والی ٹیموں کے اسٹار کھلاڑی عمران فرحت، دنیش کنیریا، فیصل اقبال اور حسن رضا بھی ٹورنامنٹ نہيں کھیل پائیں گے۔ ان کے علاوہ محمد آصف، محمد عامر اور سلمان بٹ اسپاٹ فکسنگ تنازع میں لگنے والی پابندیوں کے باعث نہیں کھیلیں گے۔

رواں سال ایکشن میں نظر آنے والے اہم کھلاڑیوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق، محمد یوسف، عمر گل، سہیل تنویر، احمد شہزاد، عمر اکمل، کامران اکمل، محمد سمیع، فواد عالم، محمد حفیظ، شعیب ملک اور عمران نذیر شامل ہیں۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والے مقابلوں کا آغاز جمعہ 24 جون کو فیصل آباد وولفز اور ملتان ٹائیگرز کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔