واحد ٹی ٹوئنٹی، انگلستان کا مضبوط ترین دستے کا اعلان

0 1,110

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے میں ناکامی نے انگلستان کو کتنا گہرا زخم پہنچایا ہے، اس کا اندازہ محدود اوورز کے مقابلوں میں اس کی تڑپ سے لگایا جا سکتا ہے۔ ابتدائی تین ایک روزہ مقابلوں میں سیریز حاصل کرلینے کے بعد اس کی نظریں ون ڈے میں کلین سویپ اور اس کے بعد واحد ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کامیابی پر مرکوز ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ایک بھرپور دستے کا اعلان کیا گیا ہے اور کسی اہم کھلاڑیوں کو آرام نہیں دیا گیا، جیسا کہ توقع کی جا رہی تھی۔

پاک-انگلستان واحد ٹی ٹوئنٹی اگلے بدھ کو اولڈ ٹریفرڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جس کے لیے انگلستان نے جس دستے کا اعلان کیا ہے اس میں جو روٹ، معین علی اور تیسرے ایک روزہ کے ہیرو ایلکس ہیلز بھی شامل ہے۔ ان تینوں کھلاڑیوں کو جولائی میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں آرام کرایا گیا تھا۔

دستے میں 9 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے سری لنکا کے خلاف مقابلے میں آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بین اسٹوکس اور مارک ووڈ دستے میں واپس آئے ہیں جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں بھیانک حالات کا سامنا کرنے والے بین اسٹوکس اس کے بعد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے۔

انگلستان کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

ایون مورگن (کپتان)، ایلکس ہیلز، بین اسٹوکس، ٹائمل ملز، جو روٹ، جوس بٹلر، جیسن روئے، ڈیوڈ ولی، سیم بلنگز، عادل رشید، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، مارک ووڈ اور معین علی۔

Ben-Stokes