واحد ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی دستے کا اعلان ہوگیا

0 1,076

پاکستان نے اگلے بدھ کو انگلستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں 21 سالہ نو آموز عماد بٹ بھی شامل ہیں۔

یہ پاکستان کے نئے ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کا پہلا امتحان ہوگا جنہوں نے اپریل میں شاہد خان آفریدی کی جگہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی قیادت سنبھالی تھی۔ گو کہ شاہد آفریدی ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے دستیاب تھے بلکہ اب تو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھی کھیل رہے ہیں لیکن ان کا نام حتمی دستے میں شامل نہیں کیا گیا۔

نوجوان عماد بٹ نے حال ہی میں پاکستان 'اے' کی طرف سے انگلستان کا دورہ کیا تھا اور یہاں چھ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 12 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ انہوں نے انڈر 19 ورلڈ کپ 2014ء میں انگلستان کو شکست دے کر پاکستان کو فائنل میں پہنچانے میں آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر شہرت حاصل کی تھی۔ وہ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا انتخاب بنے تھے۔

اعلان کردہ دستے میں بلے باز خالد لطیف، گیندباز سہیل تنویر اور زخمی محمد حفیظ کی جگہ ایک روزہ اسکواڈ میں بلائے گئے محمد عرفان بھی شامل ہیں۔

ایک روزہ میں پے در پے شکستوں دوچار ٹیم میں سے کپتان اظہر علی، حسن علی، سمیع اسلم، عمر گل اور یاسر شاہ وطن واپس آ جائیں گے جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

سرفراز احمد (کپتان)، بابر اعظم، خالد لطیف، سہیل تنویر، شرجیل خان، شعیب ملک، عماد بٹ، عماد وسیم، محمد رضوان، محمد عامر، محمد عرفان، محمد نواز اور وہاب ریاض۔

Sarfraz-Ahmed