سری لنکا کے ہاتھوں وائٹ واش معمولی بات تھی، روڈ مارش

0 1,054

آسٹریلوی چیف سلیکٹر، روڈ مارش کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو سری لنکا کے ہاتھوں وائٹ واش پر پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، یہ ایک معمولی سی بات تھی۔

سری لنکا میں سیریز کے تینوں ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد ایشیا کی سرزمین پر آسٹریلیا کا ریکارڈ مزید بدتر ہوگیا ہے۔ یہ ایشیا میں آسٹریلیا کی نویں مسلسل شکست تھی۔ آسٹریلیا کو 2008ء کے بعد سے 18 ٹیسٹ میچوں میں سے صرف ایک میں فتح حاصل ہوسکی ہے۔

مارش اعتراف کرتے ہیں کہ اچھے کھلاڑیوں میں خود کو مختلف حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بیرونِ ملک بھی منوانی چاہئیں۔ ’’اچھے کھلاڑی تو اچھے کھلاڑی ہی ہوتے ہیں، اور ہمیں یہی یاد رہتا ہے۔ وہ عموماً اچھے کھلاڑی اس لیے ہوتے ہیں کیونکہ وہ خود کو حالات کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ ہمیں یہاں معمولی سا نقصان ہوا۔ لیکن ہم پریشان نہیں ہوں گے۔ اس کی ضرورت ہی نہیں۔‘‘

ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کے خلاف چار-ایک سے فتح کے بعد آسٹریلیا کی نظریں اب دو ٹی20 میچوں پر مرکوز ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ آج شام پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے کھیلا جائے گا۔