[ریکارڈز] آسٹریلیا سب سے آگے، میکس ویل تھوڑا سا پیچھے

0 2,210

ابھی کچھ دن تو گزرے ہیں کہ ایک روزہ کرکٹ میں 444 رنز کے ساتھ انگلینڈ نے سب سے بڑا اسکور بنایا تھا۔ اس ون ڈے نے ثابت کیا کہ کرکٹ کا کھیل کس حد تک بلے بازوں کے پلڑے میں جھک چکا ہے اور اگر کسی کو اس بات میں شک ہے تو آج سری لنکا-آسٹریلیا کے پہلے ٹی ٹوئنٹی نے اسے بھی دور کردیا ہوگا۔ آسٹریلیا نے پالی کیلے میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 263 رنز بنا کر اگلے پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔

مقابلے کی خاص بات گلین میکس ویل کی وہ شاہکار اننگز تھی جس نے آسٹریلیا کو اس ریکارڈ مجموعے تک پہنچایا۔ میکس جو عرصہ بعد اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیل رہے تھے، اپنی واپسی کو ثابت کرکے دکھا دیا۔ وہ اوپنر کے طور پر میدان میں اترے اور صرف 65 گیندوں پر 145 رنز کی اننگز کھیل ڈالی۔ اس دوران انہوں نے 9 چھکے اور 14 چوکے لگائے۔

وہ اپنے ہم وطن آرون فنچ کا سب سے لمبی ٹی ٹوئنٹی اننگز کا ریکارڈ توڑ دیتے لیکن صرف 12 رنز کی کمی سے ایسا نہ کر سکے۔ آخری چند اوورز میں میکس ویل کو کھیلنے کے کم مواقع ملے۔ اسکور تو دوسرے اینڈ سے ٹریوس ہیڈ کی دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے پوری رفتار سے بڑھتا رہا لیکن "میکس" یہ ریکارڈ نہ توڑ سکے۔ بہرحال، پھر بھی یہ تاریخ کی دوسری سب سے بڑی ٹی ٹوئنٹی اننگز ضرور بن گئی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کی سب سے بڑی انفرادی اننگز

بلے باز رنز گیندیں چوکے چھکے بمقابلہ بمقام بتاریخ
آرون فنچ 156 63 11 14 انگلستان ساؤتھمپٹن 29 اگست 2013ء
گلین میکس ویل 145* 65 14 9 سری لنکا پالی کیلے 6 ستمبر 2016ء
شین واٹسن 124* 71 10 6 بھارت سڈنی 31 جنوری 2016ء
برینڈن میک کولم 123 58 11 7 بنگلہ دیش پالی کیلے 21 ستمبر 2012ء
بابر حیات 122 60 9 7 عمان فتح اللہ 19 فروری 2016ء

میکس ویل نے پہلے پانچ اوورز میں کپتان ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر اسکور میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔ جس کے بعد عثمان خواجہ کے ساتھ 97 اور آخر میں ٹریوس ہیڈ کے ساتھ ناقابل شکست 109 رنز کی شراکت داریاں قائم کیں۔ اس میں عثمان کا حصہ صرف 36 اور ہیڈ کا 45 رنز کا تھا۔

آسٹریلیا کا تین وکٹوں پر 263 رنز بنانا کسی بھی ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ آسٹریلیا نے سری لنکا کا ستمبر 2007ء میں کینیا کے خلاف بنایا گیا 260 رنز کا ریکارڈ توڑا۔ یہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں محض دوسرا موقع تھا کہ کوئی ٹیم 250 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئی۔

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کے سب سے بڑے مجموعے

ملک اسکور اوورز بمقابلہ بمقام بتاریخ
آسٹریلیا 263/3 20.0 سری لنکا پالی کیلے 6 ستمبر 2016ء
سری لنکا 260/6 20.0 کینیا جوہانسبرگ 14 ستمبر 2007ء
آسٹریلیا 248/6 20.0 انگلستان ساؤتھمپٹن 29 اگست 2013ء
ویسٹ انڈیز 245/6 20.0 بھارت لاڈرہل 27 اگست 2016ء
بھارت 244/4 20.0 ویسٹ انڈیز لاڈرہل 27 اگست 2016ء