لارا، تنڈولکر سے زیادہ باصلاحیت تھے: ڈیوڈ بون

0 1,040

آسٹریلیا کے سابق بلے باز ڈیوڈ بون نے برائن لارا کو سچن تنڈولکر سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔

ایک بھارتی روزنامے سے گفتگو کے دوران سب سے زیادہ باصلاحیت کرکٹر کے بارے میں سوال پر بون نے جواب دیا کہ’’اعلیٰ سطح پر کامیاب ہونے والے فطری طور پر باصلاحیت کھلاڑی بہت ہی کم ہیں۔ ان میں سے بیشتر میں صلاحیت کا عنصر موجود تو ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ وہ کھیلتے کیسے ہیں اور ان میں کامیاب ترین کرکٹر بننے کی خواہش کتنی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے خداداد صلاحیت رکھنے والے کسی ایک کھلاڑی کو منتخب کرنا ہو تو میں لارا کا نام لوں گا۔

بون نے سچن تنڈولکر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے ہر قسم کے حالات میں اور ہر طرز کی کرکٹ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے، انہوں نے سخت محنت کی اور خود کو ذہنی طور پر مضبوط بنایا۔ بون کا کہنا تھا کہ ’’اگرچہ میں انہیں ’خالص خداداد صلاحیتوں کا مجموعہ‘ قرار نہیں دیتا، لیکن بلاشبہ وہ اپنے زمانے کے بہترین کرکٹروں میں سے ایک تھے۔‘‘

اپنی منفرد مونچھوں، اور حرکتوں، کی وجہ سے شہرت رکھنے والے ڈیوڈ بون 80 کی دہائی کے اواخر اور 90 کی دہائی کے اوائل میں آسٹریلیا کی جانب سے کھیلے اور ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں ایک کامیاب کیریئر گزارا۔

بون نے ٹوئنٹی20 کرکٹ کی تعریف کی لیکن یہ بھی کہا کہ ٹیسٹ کھیلنے والے تمام ممالک کو طویل طرز کی کرکٹ کی اہمیت برقرار رکھنے کی ذمہ داری لینی چاہیے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں دلچسپی بڑھانے کے لیے ٹیسٹ کے طریقہ کار بدلنے اور گلابی گیند کے ساتھ ڈے-نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کی حمایت کی۔