کپتان نے جانے سے انکار کردیا، انگلستان نئی مشکل میں

0 1,051

برصغیر کے میدان باہر کی ٹیموں کے لیے بہت مشکل ثابت ہوتے ہیں اور اگر ایسا ہو کہ مہمان دست کے اہم کھلاڑی ساتھ چھوڑ جائیں تو مشکلات کہیں بڑھ جاتی ہیں۔ یہی معاملہ اس وقت انگلستان کے ساتھ ہے جو دورۂ بنگلہ دیش کی تیاریوں میں مصروف ہے لیکن اچانک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان ایون مورگن اور دھواں دار بلے باز ایلکس ہیلز نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے دورے سے انکار کردیا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے نائب کپتان جوس بٹلر کو قیادت سونپ دی ہے۔ علاوہ ازیں، دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ مقابلوں کے لیے دستے کا اعلان آئندہ جمعے کو کیا جائے گا۔

بنگلہ دیش میں تقریباً دو ماہ قبل جولائی میں دہشت گردی کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد انگلستان کا دورہ خطرے میں پڑ گیا۔ سکیورٹی ٹیم کے دورے کے باوجود مورگن اور ہیلز ذہنی طور پر مطمئن نہیں اور اپنے خدشات سے دیگر ٹیم اراکین اور بورڈ ڈائریکٹر اینڈریو اسٹراس کو بھی آگاہ کر چکے ہیں۔ اسٹراس کا کہنا ہے کہ دو اہم کھلاڑیوں کا انکار پریشان کن ضرور ہے لیکن ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں کیونکہ ہم کسی پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے۔ تمام ٹیم اراکین کو بنگلہ دیش میں سکیورٹی کے حوالے سے تمام حقائق کھول کر بتائے ہیں لیکن ان دونوں کے سوا کسی نے بھی دورے پر نہ جانے کی بات نہیں کی۔ ہمارے لیے کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اس لیے بنگلہ دیش کے حالات پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے اور مکمل اطمینان کے بعد ہی ٹیم کو دورے پر روانہ کیا جائے گا۔

مورگن بورڈ گی تسلیوں سے مطمئن نہیں، کہتے ہیں کہ ماضی کے واقعات سے یہ اندازہ لگانا ہرگز مشکل نہیں کہ وہاں حالات ناسازگار ہیں۔ بنگلہ دیش 2013ء سے سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے یہی وجہ تھی کہ گزشتہ سال آسٹریلیا نے انڈر19 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔ کرکٹ کے لیے جو ذہنی سکون درکر ہوتا ہے، وہ خوف کے ماحول میں میسر نہیں آ سکتا، اس لیے دورے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جانی چاہیے۔

فی الحال عارضی طور پر ہی سہی بٹلر نے محدود اوورز کے دستوں کی کمان سنبھال لی ہے لیکن لگتا ہے کہ بورڈ انہیں مستقل قیادت سونپنے کے متعلق بھی سوچ سکتا ہے بالخصوص جب انگلستان کو مستقبل میں چیمپئنز ٹرافی کے علاوہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے دورے بھی کرنے ہیں۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ بنگلہ دیش نہ جانے کا فیصلہ مورگن کو کافی مہنگا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ڈیڑھ سال میں بنگلہ دیش اپنے میدانوں پر بہت سخت حریف ثابت ہوا ہے کہ جس نے پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کو ایک روزہ سیریز میں بری طرح شکست دی۔ اس لیے انگلستان کے لیے یہ سیریز بالکل بھی آسان نہیں ہوگی۔

eoin-morgan