بھارت کی نظریں پاکستان کی پوزیشن پر، کوچ انیل کمبلے تیار

0 1,045

بھارت کے کرکٹ کوچ انیل کمبلے نے کہا ہے کہ پچ کھیل کے نتائج میں مرکزی کردار ادا نہیں کرتی۔ ان کا یہ بیان اس موقع پر آيا ہے جب بھارت رواں ماہ سے اپنی سرزمین پر ایک بھرپور ٹیسٹ سیزن کا آغاز کرنے جارہا ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم پہلے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گی۔ 'بلیک کیپس' کے خلاف تین ٹیسٹ کے بعد انگلستان پانچ ٹیسٹ میچوں کے لیے مہمان بنے گا۔ بعد ازاں بنگلہ دیش کی ٹیم ایک ٹیسٹ کھیلنے آئے گی اور اس کے بعد فروری میں آسٹریلیا چار ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے بھارت پہنچے گا۔

’’گھر کے شیر‘‘بھارت کو گزشتہ تقریباً 12 سال میں صرف ایک ہی 'ہوم' ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی ہے جو 2012ء میں انگلستان کے خلاف تھی۔ اب بھارت کا دورہ کرنے والی چاروں ٹیموں کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج ہوگا کہ کیا وہ بھارت کے اس ریکارڈ میں دراڑ ڈال پاتی ہیں یا بھارت کا اپنی سرزمین پر کامیابیوں کا سلسلہ مزید دراز ہوگا۔

اگلے ہفتے کانپور میں کیوی ٹیم کے خلاف کھیلا جانے والا مقابلہ بھارت کا 500واں ٹیسٹ بھی ہوگا یعنی اس کی ایک تاریخی اہمیت بھی ہے۔ کمبلے کہتے ہیںکہ ’’جب میں کپتان تھا اور ہم اپنی ہی سرزمین پر کھیل رہے ہوتے تھے تو پریس کانفرنس میں سب سے پہلا سوال یہی ہوتا تھا کہ پچ کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’میرے لیے پچ سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ ہم اس پچ پر کیسی کرکٹ کھیلتے ہیں۔‘‘ کمبلے کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا دیگر ممالک کے ذرائع ابلاغ کے مقابلے میں کہیں زیادہ پچ کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ نمبر ایک ٹیم بننا چاہتے ہیں تو آپ کو پچ کے معاملے میں پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

کمبلے کے بیان سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ وہ ٹیسٹ درجہ بندی میں بھارت کو سرفہرست مقام پر لانا چاہتے ہیں، جہاں بھارت کا روایتی حریف پاکستان موجود ہے۔ کمبلے کا خیال ہے کہ بغیر آرام دیے مسلسل ٹیسٹ مقابلے کھیلنا میزبان ٹیم کے لیے آسان نہیں۔ ’’تین سے چار دن کے وقفے کے ساتھ 13 ٹیسٹ میچز کھیلنے اور پھر ان تین چار دن کے وقفوں میں بھی ایک دن کا سفر کرنے سے فٹنس برقرار رکھنا چیلنج ہوگا۔‘‘

کمبلے نے بھارت کی موجودہ ٹیم کی صلاحیتوں اور قابلیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان سخت حریفوں کے خلاف بھارت کا سیزن کیسا رہتا ہے؟