گانگلی صاحب! کیا واقعی بھارت پاکستان سے بہتر ہے؟

0 1,321

پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ چند ہفتوں سے سخت کشیدگی چل رہی ہے، اور سرحد پر توپوں کی گھن گرج سے خطے کا درجہ حرارت بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ لگتا ہے یہی گرمی بھارت کے سابق کپتان سارو گانگلی کے دماغ پر بھی چڑھ گئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کی 178 رنز سے کامیابی اور ساتھ ہی درجہ بندی میں دوبارہ نمبر ایک بن جانے کے بعد موصوف کہتے ہیں کہ "بھارت ٹیسٹ میں پاکستان سے کہیں بہتر ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ان دونوں کا کوئی مقابلہ ہی نہیں ہے بلکہ مجھے پاکستان کے نمبر 1 بننے پر حیرت ہوئی تھی۔" یعنی کہ کمال ہی کردیا گانگلی صاحب "تسی گریٹ او!"۔

ٹیسٹ کامیابی کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے سارو کہتے ہیں کہ ان کے خیال میں اس وقت بھارت کے لیے پیمانہ پاکستان نہیں البتہ وہ بھارت کے نمبر 1 ہونے سے بھی اتفاق نہیں کرتے کیونکہ ابھی ٹیم نے آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ یا نیوزی لینڈ میں کامیابیاں حاصل نہیں کی ہیں۔ لیکن ساتھ ہی کہتے ہیں کہ "میں پاکستان کے بھی اس مقام تک پہنچنے سے متفق نہیں۔ میرے دور میں آسٹریلیا حقیقی نمبر 1 ٹیم تھی کیونکہ وہ ہر جگہ جیتتی تھی۔" انہوں نے کہا کہ اگلے ایک سال تک کوہلی کو ہوم گراؤنڈ پر مزید 11 ٹیسٹ میچز ملیں گے اور ان کا اصل امتحان تب شروع ہوگا جب وہ بیرون ملک جائیں گے۔"

مذکورہ بالا تمام ٹیموں سے شکست کھانے کے باوجود بھارت کے کسی تجزیہ کار کا یہ کہنا کہ بھارتی ٹیم پاکستان سے بہتر ہے، حیران کن ہے۔ پاکستان 2009ء سے اب تک اپنے ملک میں کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا۔ وہ اس انگلستان کے دورے پر سیریز برابر کر چکا ہے کہ جہاں بھارت کو گزشتہ دو دوروں میں 9 مقابلوں میں صرف ایک کامیابی نصیب ہوئی۔ اس نیوزی لینڈ کے دورے پر بھارت ابھی گزشتہ دورے میں شکست کھا چکا ہے کہ جس سے پاکستان 1985ء سے لے کر آج تک 'اوے سیریز' نہیں ہارا۔ ؏

شکوہ بے جا بھی کرے کوئی تو لازم ہے شعور

گانگلی نے نجانے کس ترنگ میں یہ بات کہہ دی ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان پچھلے 6 سالوں میں 19 میں سے صرف تین سیریز ہارا ہے۔ بلاشبہ وہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کو اس کے ملک میں شکست نہیں دے سکا لیکن جس کارکردگی کی بنیاد پر وہ نمبر ایک بنا ہے، اس کے دوران تو اس نے کوئی سیریز اپنے ملک میں نہیں کھیلی۔ بلکہ اسے 'ہوم سیریز' بھی متحدہ عرب امارات میں کھیلنا پڑیں، جہاں پاکستان اب تک ناقابل شکست ہے۔ پھر یہ کارنامہ اس ٹیم نے انجام دیا جو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد تتر بتر ہو چکی تھی۔ کم از کم اس کی تو داد دیجیے حضور!

saurav-ganguly