بھارتی بورڈ کے اکاؤنٹس منجمد، جاری سیریز خطرے میں

0 1,033

بھارت کی ٹیم تو میدانوں میں فتح کے جھنڈے گاڑ کر خوش ہے لیکن کرکٹ بورڈ کی حالت خراب دکھائی دیتی ہے کیونکہ بغیر پیسے کے کرکٹ کے انتظامات چلانا ایسا ہی ہے جیسے بغیر بیٹ کے بلے بازی۔ ہوا کچھ یوں ہے کہ لودھا پینل نے کمیٹی کی سفارشات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کروا دیے ہیں، جس کا پہلا شکار بھارت-نیوزی لینڈ کی جاری سیریز بن چکی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ بھارت کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز کے باقی مقابلے ختم کرنے کا سوچ رہا ہے۔

کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس منجمد کرنے کا یہ فیصلہ ملک کے لئے خدمات فراہم کرنے والے کھیل کی توہین کا باعث ہے۔ ہم نے کچھ غلط کام نہیں کیا مگر پھر بھی ایسا کوئی فیصلہ کرنا تھا تو جاری سیریز کے انعقاد کو تو ممکن بنا کر کرتے۔ فنڈ کے بغیر سیریز کا جاری رہنا بہت مشکل ہے اس منسوخی کا سوچا جا رہا ہے۔ہم نے فی الحال باضابطہ طور پر ایسا اعلان نہیں کیا کیونکہ ابھی کمیٹی سے مذاکارات کا دور چلے گا تبھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔

بورڈ کے نمائندے نے مزید کہا کہ اگر پینل یہ محسوس کر رہا ہے کہ بورڈ ان کی سفارشات پر عمل نہیں کرنا چاہتا تو یہ غلط بات ہے۔ ہم یقیناً ان پر عمل کریں گے مگر جو موجودہ نظام قائم ہے اس کے اثرات بہت گہرے ہیں ان کو محدود اور متعین وقت میں تبدیل کرنا ممکن نہیں ہے۔

لودھا پینل نے بی سی سی آئی کے ساتھ ساتھ ریاستی ایسوسی ایشنز کے اکاونٹس بھی بند کروا دیئے ہیں اس سے جہاں انڈیا نیوزی لینڈ سیریز متاثر ہوگی، وہیں پر ریاستوں کی مقامی کرکٹ پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے جو کہ ملک کے لئے باعث توہین ہو گا۔

میڈیا کے زرائع کے مطابق بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی سزا محض آغاز ہے اگر سفارشات پر عمل نہ ہوا تو سزا اس سے سنگین بھی ہو سکتی ہے۔

bcci