سری لنکا اور انگلستان کے خلاف پاکستان کی 'ہوم سیریز' دبئی منتقل

1 1,041

پاکستانی ٹیم، سری لنکا اور انگلستان کے خلاف اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گی۔ پاکستان کے شورش زدہ حالات کے باعث ٹیموں کی پاکستان آمد سے انکار کے بعد ان دونوں سیریز کا انعقاد بھی دبئی میں کیا جائے گا۔ اس سے قبل کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا یا زمبابوے میں ہوم سیریز کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا تھا تاہم حتمی اعلان کے مطابق دونوں سیریز دبئی میں کھیلی جائیں گی۔

دبئي کا خوبصورت بین الاقوامی اسٹیڈیم پاکستان و جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی میزبانی بھی کر چکا ہے

پی سی بی کے ڈائریکٹر آپریشنز ذاکر خان نے بتایا کہ بورڈ نے ان دونوں سیریز کے لیے کئی آپشنز پر غور کیا جس کے بعد دبئی کا مقام طے ہوا ہے اور اب پاکستانی ٹیم دونوں سیریز کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گی۔

پاکستان کو اکتوبر - نومبر میں سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے ہیں۔ سال 2012ء کے آغاز پر انگلستان کے خلاف سیریز کے حتمی شیڈول کا اعلان جلد کیے جانے کا امکان ہے جو ممکنہ طور پر تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹونٹی مقابلوں پر مشتمل ہوگی۔

متحدہ عرب امارات گزشتہ تین سالوں سے پاکستان کی ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں پر مشتمل سیریز کی میزبانی کررہا ہے جبکہ گزشتہ سال ماہ اکتوبر میں پاکستان نے یہاں ایک مکمل سیریز جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی تھی۔ متحدہ عرب امارات کے حکام تمام 'ہوم سیریز' کی میزبانی کے لیے پاکستان سے طویل المعیاد معاہدے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں تاہم پی سی بی اس بارے میں زیادہ دلچسپی لیتی نظر نہیں آرہی کیوں کہ وہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی جلد بحالی کے لیے پر امید ہیں۔

رواں سال افغانستان کی ٹیم نے پاکستان اے کے خلاف سیریز کھیلی جو مارچ 2009ء کے بعد پاکستانی سرزمین پر کھیلی جانے والی پہلی سیریز تھی۔ یاد رہے کہ مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کوئی ٹیم پاکستان میں کھیلنے پر تیار نہیں اور گزشتہ دو سالوں کے دوران پرتشدد واقعات کے باعث پاکستانی کرکٹ ٹیم عالمی کپ 2011ء کی میزبانی سے بھی محروم ہوا۔