پاکستان سپر لیگ، سلمان بٹ اور محمد آصف بھی میدان میں

0 1,033

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور تیز گیندباز محمد آصف کے لئے بالآخر کرکٹ کے دروازے کھلتے نظر آ رہے ہیں کیونکہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے لئے کھلاڑیوں کی ممکنہ فہرست میں ان دونوں کے نام بھی شامل ہیں۔ بس اب ان کی قسمت فرنچائزز کے ہاتھ میں ہے کہ وہ انہیں خریداری کے قابل سمجھتے ہیں یا نہیں۔

یاد رہے کہ سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر 2010ء میں اسپارٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے، جس پر پانچ، پانچ سال کے لیے کرکٹ کے دروازے ان پر بند کر دیے گئے تھے۔ محمد عامر تو سزا مکمل کرنے کے بعد اپنے رویے اور اعتماد حاصل کرنے کی وجہ سے قومی ٹیم کا حصہ بن گئے بلکہ پی سی ایل کے پہلے سیزن میں کراچی کنگز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کو اپنے عدم تعاون کی کافی سزا مل چکی ہے۔ ویسے تو محمد آصف اور سلمان بٹ واپڈا کی طرف سے قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لے رہے ہیں لیکن کسی بھی عالمی سطح کے ٹورنامنٹ کے لیے ان کا نام پہلی بار زیر غور آئے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب 18 اور 19 اکتوبر کو دبئی میں کیا جائے گا، جس کے لیے دستیاب کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ اس فہرست کے مطابق سلمان بٹ "گولڈ" اور محمد آصف اس سے کم درجے کے زمرے "سلور" میں موجود ہیں۔

سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ پابندی کے خاتمے کے بعد پی ایس ایل فہرست میں نام کا آنا بہت حوصلہ افزا ہے۔ "میں میں ماضی کے پچھتاوے سے نکل کر آگے بڑھنا چاہتا ہوں، دعاگو ہوں کہ میرے حق میں حالات سازگار ہوں۔"

پی ایس ایل 2 فروری 2017ء میں متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس کے لیے تیاریاں اب تیز ہوتی جا رہی ہیں۔

Salman-Butt