آفریدی بمقابلہ میانداد – سابق کپتان وسیم اکرم بھی خاموش نہ رہ سکے

0 2,442

پاکستان کرکٹ کے دو معروف ناموں جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کے درمیان جاری زبانی جنگ نے اب دیگر کھلاڑیوں کو بھی خاموشی توڑنے پر مجبور کردیا ہے۔ عمران خان اور عامر سہیل کے بعد سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی اس تنازع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ الزام تراشیوں کا سلسلہ جلد ختم ہوجائے گا۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق تیز گیند باز وسیم اکرم نے کہا کہ شاہد آفریدی اور جاوید میاں دونوں ہی پاکستان کرکٹ اور میرے لیے قابل عزت ہیں، اسی لیے ان کے درمیان جاری زبانی جنگ سے بہت افسوس ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میانداد اور آفریدی کی جانب سے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کے سلسلے کو طول دینے کے بجائے ثالثی کے ذریعے اس قضیے کو فی الفور حل کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی کی جانب سے الوداعی میچ کھیلنے کی خواہش پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کرکٹر جاوید میانداد نے کہا تھا کہ وہ صرف پیسے کمانے کے لیے میچ کھیلنا چاہتے ہیں۔ جواب میں جارح مزاج آفریدی نے کہا کہ میانداد کے ساتھ ہمیشہ پیسوں کا مسئلہ رہا ہے تبھی وہ آج تک اسی معاملے پر اٹکے ہوئے ہیں۔

بعد ازاں شاہد آفریدی نے اپنے تلخ رویے پر معذرت بھی کی تاہم معاملات اس وقت شدت اختیار کر گئے کہ جب میانداد نے آفریدی پر میچ فکس کرنے کا الزام عائد کردیا۔ شاہد آفریدی کی جانب سے سخت تردید کے باوجود میانداد کہتے ہیں کہ ان کے پاس اس بات کے شواہد بھی موجود ہیں۔ جاوید میانداد نے آفریدی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کے سر پر ہاتھ رکھ کر قسم اٹھائیں کہ انہوں نے کبھی میچ فکس نہیں کیا۔ اب تک شاہد آفریدی نے اس بابت کوئی جواب نہیں دیا تاہم مقامی ذرائع ابلاغ کا دعوی ہے کہ وہ جاوید میانداد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

shahid-afridi-javed-miandad