تمیم سب سے آگے

0 1,283

چٹاگانگ میں ہونے والا آخری مقابلہ بنگلہ دیش کے لیے مایوس کن ثابت ہوا کیونکہ وہ تقریباً ڈھائی سال بعد اپنے ملک میں کوئی ایک روزہ سیریز ہارا۔ حال ہی میں پاکستان کو چار-ایک سے بدترین شکست دینے والے انگلستان کے خلاف کامیابی بنگلہ دیش کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیتی لیکن اپنے کپتان اور دیگر اہم کھلاڑیوں سے محروم ہونے کے بعد مہمان انگلستان نے سیریز پر اپنی گرفت ڈھیلی نہیں ہونے دی۔

ایک طرف جہاں بنگلہ دیش کی پہلے اور آخری ایک روزہ میں مایوس کن کارکردگیاں ہیں تو دوسری جانب انفرادی سطح پر چند ایک سنگ ہائے میل ضرور عبور ہوئے ہیں جن میں سب سے اہم اوپنر تمیم اقبال کا 5 ہزار ون ڈے رنز مکمل کرنا ہے۔ وہ بنگلہ دیش کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والے بیٹسمین تو تھے اور اب 5 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے بلے باز بھی بن چکے ہیں۔

تمیم نے تیسرے ایک روزہ میں ایک مشکل وکٹ پر 45 رنز بنائے۔ ان کی اننگز ویسے تو خاصی دھیمی رہی، جس میں 68 گیندیں کھیلیں۔ لیکن وہ بنگلہ دیش کو 23 ویں اوور تک صرف ایک وکٹ پر 106 رنز تک لے آئے تھے لیکن اس کے بعد بنگلہ دیش سمت بھول گیا اور مقررہ 50 اوورز میں توقعات سے کم 277 رنز ہی بنا سکا۔

اس اننگز کے دوران تمیم نے 5 ہزار رنز کا ہدف بھی حاصل کیا۔ 159 ون ڈے میچز کھیلنے والے تمیم نے 32.30 کے اوسط سے 5007 رنز بنا لیے ہیں۔ 78 کا اسٹرائیک ریٹ اور 154 رنز کی بہترین اننگز بھی ان کے ریکارڈ پر موجود ہے۔ تمیم نے ایک روزہ کرکٹ میں 7سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں بھی بنائی ہیں جو دونوں قومی ریکارڈ ہیں۔

سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والوں میں تمیم کے قریبی ترین حریف ٹیم ساتھی شکیب الحسن ہیں۔ شکیب نے 163 ون ڈے میچز میں بہتر اوسط 34.85 اور بہتر اسٹرائیک ریٹ 80.79 کے ساتھ 4566 رنز بنا رکھے ہیں۔ 6 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں بھی شکیب کے ریکارڈ پر موجود ہیں۔ واضح رہے کہ شکیب ایک آل راؤنڈر ہیں جو 215 ون ڈے وکٹیں بھی رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں بنگلہ دیش کی تاریخ کا سب سے نمایاں کھلاڑی سمجھا جاتا ہے۔ بہرحال، اس دوڑ میں وکٹ کیپر مشفق الرحیم تیسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 164 مقابلے کھیل رکھے ہیں اور 31.59 کے اوسط سے 4076 رنز بنائے ہیں۔ 4 سنچریاں اور 23 نصف سنچریاں بھی مشفق کے دامن میں ہیں۔

Tamim-Iqbal

ان تینوں کے علاوہ کوئی بلے باز بنگلہ دیش کے لیے 4 ہزار ایک روزہ نہیں بنا سکا۔ آپ کی دلچسپی کے لیے بنگلہ دیش کے لیے کم از کم 2 ہزار رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست پیش کر رہے ہیں۔ امید ہے معلومات میں اضافے کا سبب بنے گی:

بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے بیٹسمین

بلے باز مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
تمیم اقبال 159 5007 154 32.30 78.10 7 33
شکیب الحسن 163 4566 134* 34.85 80.79 6 31
مشفق الرحیم 164 4076 117 31.59 76.30 4 23
محمد اشرفل 175 3468 109 22.37 70.11 3 20
محمود اللہ 131 2854 128* 33.97 74.80 2 16
شہریار نفیس 75 2201 123* 31.44 69.49 4 13
حبیب البشر 111 2168 78 21.68 60.45  0 14