فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی: وولفز نے ٹائیگرز کو پچھاڑ دیا

1 1,073

فیصل بینک سپر 8 ٹی ٹوئنٹی 2011ء کا آغاز آج سے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہوا جہاں میزبان ٹیم فیصل آباد وولفز نے ملتان ٹائیگرز کو شکست دے دی. ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں فیصل آباد کا پلہ ہمہ وقت بھاری رہا. وولفز نے اپنے حریف کھلاڑیوں کی ناتجربکاری کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں 69 رنز کے واضح فرق سے مات دی.

میچ سے قبل ملتان ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا. غالباَ ان کے خیال میں ٹی ٹوئنٹی میں ہدف کا تعاقب ایک آسان ہوتا ہے تاہم یہ خیال اس وقت غلط ثابت ہوا جب وولفز نے 199 کا پہاڑ جیسا ہدف ان کے سامنے رکھ چھوڑا. اپنے مستند ترین ساتھی اوپنر محمد حفیظ (0) کو پہلی ہی گیند پر کھو بیٹھنے کے آصف حسین نے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے آصف علی کے ساتھ مل کر برق رفتار 125 رنز کی شراکت داری قائم کی. آصف حسین نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگ تراشی. آصف حسین کی رخصتی کے بعد قومی ٹیم کے موجودہ کپتان مصباح الحق میدان میں وارد ہوئے اور ساتھی کھلاڑی کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے. اس دوران نوجوان آصف علی نے 59 گیندوں پر 9 چوکوں اور 7 قابل دید چھکوں کی مدد سے 100 رنز اسکور بورڈ پر سجائے. مصباح الحق (32) اور علی وقاص (7) نے اسکور کو مقررہ 20 اوورز میں 199 تک پہنچا دیا. ٹائیگرز کی جانب سے عبدالرؤف، احمد رضا اور ذوالفقار بابر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی.

ملتان ٹائیگرز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کو پہلا دھچکا 27 اسکور پر پہنچا جب اوپنر یاسر عرفات (7) کو نعیم اکرم نے پویلین کی راہ دکھائی. اس موقع پر زین عباس (23) اور زیشان اشرف (27) نے ہدف کا تعاقب کرنے کی ٹھانی تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے. بعد میں آنے والے بلے باز وولفز بالرز بالخصوص نوجوان آرھوڈاکس اسپنر حسن محمود کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور یکے بعد دیگر پویلین سدھارتے چلے گئے. وولفز کی شاندار گیند بازی کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ ملتان کے 7 بلے بازی انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ کرسکے جن میں سے دو کھلاڑی صفر پر بھی رخصت ہوئے. یوں ٹائیگرز کا پورا قافلہ محض 18.2 اوورز میں 130 رنز بنا کر رخصت ہوگیا. وولفز کی جانب سے اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے حسن محمود نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نصیر اکرم اور محمد حفیظ کے حصہ میں دو، دو اور خرم شہزاد کے حصہ میں ایک وکٹ آئی.

صدر پاکستان کے ہمنام فیصل آباد وولفز کے آصف علی کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. آصف علی کے علاوہ حسن محمود، نصیر اکرم اور ظہور خان نے وولفز جبکہ زین عباس اور زیشان اشرف نے ٹائیگرز کی جانب سے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی شروعات کی. اس میچ کی شکست خوردہ ٹیم ملتان ٹائیگرز 26 جون کو کراچی ڈولفنز کا خلاف میدان میں اترے گی جبکہ فیصل آباد وولفز اسی روز راولپنڈی ریمز کے مدمقابل آئے گی.

فیصل آباد وولفز بمقابلہ ملتان ٹائیگرز
(24 جون 2011ء)
نتیجہ: فیصل آباد وولفز 69 رنز سے کامیاب
پوائنٹس: فیصل آباد وولفز: 2؛ ملتان ٹائیگرز: 0

فیصل آباد وولفز رنز گیندیں چوکے چھکے
محمد حفیظ ک گلریز صدف ب عبدالرؤف 0 1 0 0
آصف حسین ب زوالفقار بابر 50 35 4 2
آصف علی ک یاسر عرفات ب احمد رضا 100 59 9 7
مصباح الحق ناٹ آؤٹ 32 21 2 2
علی وقاص ناٹ آؤٹ 7 4 1 0
فاضل رنز (1 لیگ بائی؛ 9 وائڈ) 10
مجموعہ 20 اوورز؛ 3 کھلاڑی آؤٹ 199

 

ملتان ٹائیگرز اوورز میڈن رنز وکٹ
عبدالرؤف 4 0 36 1
محمد عرفان 4 0 42 0
علی معزم 4 0 37 0
احمد رضان 4 0 46 1
ذوالفقار بابر 4 1 37 1

 

ملتان ٹائیگرز رنز گیندیں چوکے چھکے
یاسر عرفات ک محمد حفیظ ب نصیر اکرم 7 8 1 0
زین عباس ک خرم شہزاد ب نصیر اکرم 23 16 5 0
زیشان اشرف ب محمد حفیظ 27 23 2 1
رمیز عالم ک محمد طلحہ ب حسن محمود 19 26 1 1
نوید یاسین ب محمد حفیظ 16 9 2 1
گلریز صدف ک علی وقاص ب حسن محمود 2 3 0 0
عبالرؤف ک اور ب حسن محمود 9 9 0 1
ذوالفقار بابر ک مصباح الحق ب حسن محمود 2 5 0 0
محمد عرفان ناٹ آؤٹ 6 6 0 1
احمد رضا ک مصباح الحق ب حسن محمود 0 1 0 0
علی معزم ک مصباح الحق ب خرم شہزاد 0 5 0 0
فاضل رنز (5 بائے؛ 2 لیگ بائے؛ 10 وائڈ؛ 2 نوبالز) 19
مجموعہ 18٫2 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 130

 

فیصل آباد وولفز اوورز میڈن رنز وکٹ
محمد طلحہ 3 0 19 0
نصیر عالم 4 0 43 2
محمد حفیظ 4 1 20 2
ظہور خان 3 0 13 0
حسن محمود 4 0 23 5
خرم شہزاد 0٫2 0 5 1