مصباح الحق کا "ایک اور ریکارڈ"

0 1,063

شارجہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے اپنی ایک روزہ تاریخ کی بہترین کامیابی سے لے کر شاندار ٹیسٹ جیت تک، شارجہ سے پاکستان کی کئی یادیں وابستہ ہیں۔ اب ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے ذریعے پاکستان سیریز کے تمام مقابلے جیت کر ایک اور تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرے گا لیکن اس سے پہلے کپتان مصباح الحق نے "ایک اور ریکارڈ" توڑ دیا ہے۔

شارجہ میں ٹاس کے لیے میدان میں اترتے ہی مصباح پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں کپتانی کرنے والے قائد بن گئے ہیں۔ مصباح الحق اس وقت اپنا 68 واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جن میں سے بطور کپتان یہ مصباح کا 49 واں ٹیسٹ ہے۔ یوں وہ عمران خان کی جگہ اس اعزاز کے مستحق ٹھیرے ہیں۔

مصباح الحق نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2001ء میں دورۂ نیوزی لینڈ میں کیا تھا لیکن پہلے 9 سالوں میں انہیں صرف 19 ٹیسٹ مقابلے کھلائے گئے۔ یہاں تک کہ 2010ء میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے پاکستان کرکٹ کو لب گور تک پہنچا دیا۔ یہاں پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کو بطور کپتان طلب کیا اور نومبر 2010ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی کے مقام پر مصباح الحق نے پہلی بار قیادت کا فریضہ سر انجام دیا۔

آج چھ سال گزر چکے ہیں اور قیادت بدستور مصباح الحق کے آہنی ہاتھوں میں ہے۔ جنہوں نے 49 مقابلوں میں پاکستان کی قیادت کی جو نہ صرف ایک قومی ریکارڈ بن چکا ہے بلکہ 24 فتوحات بھی پاکستان کے کسی بھی دوسرے کپتان سے زیادہ ہیں۔

42 سال کی عمر میں کئی ریکارڈز توڑنے والے مصباح کی بطور کپتان کارکردگی بھی شاندار رہی ہے۔ 68 ویں مقابلے میں 49 سے زیادہ کا بیٹنگ اوسط رکھنے والے مصباح کا ایوریج کپتان کی حیثیت سے 55 سے سے بھی زیادہ ہے۔ جس میں ان کی 8 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ ان میں سے 7 سنچریاں فاتحانہ ہیں، یعنی ان مقابلوں میں بنائی گئیں جن میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔

مصباح الحق سے پہلے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ مقابلوں میں قیادت عمران خان کے پاس تھی۔ عمران نے 1982ء سے 1992ء کے دوران 10 سالوں میں 48 مقابلوں پاکستان کی کپتانی کی۔

کرکٹ تاریخ میں آج تک 13 کھلاڑی ایسے رہے ہیں جنہوں نے 50 یا اس سے زیادہ مقابلوں میں اپنے ملک کی قیادت کی۔ سب سے زیادہ میچز میں کپتانی جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ نے کی جو تاریخ میں واحد کپتان ہیں جنہوں 100 سے زیادہ میچز میں قیادت ملی۔ 2003ء سے 2014ء کے دوران انہوں نے 109 میچز میں پروٹیز کی کپتانی کی اور 53 مقابلے جیتے۔

اب مصباح کی نظریں بطور کپتان 4 ہزار رنز مکمل کرنے پر ہیں۔ وہ اب تک کپتان کی حیثیت سے 3819 رنز بنا چکے ہیں۔

سب سے زیادہ ٹیسٹ مقابلوں میں پاکستان کی قیادت کرنے والے کھلاڑی

دور مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط وکٹیں بہترین باؤلنگ
مصباح الحق 2010ء تا حال 49 3819 135 55.34 - -
عمران خان 1982ء تا 1992ء 48 2408 136 52.34 187 8/60
جاوید میانداد 1980ء تا 1993ء 34 2354 211 50.08 0 -
انضمام الحق 2001ء تا 2007ء 31 2397 184 52.10 - -
وسیم اکرم 1993ء تا 1999ء 25 894 257* 24.16 107 6/48