بریتھویٹ کی ’بیٹ کیری‘ اننگز

0 1,067

ویسٹ انڈیز کے کریگ بریتھویٹ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں ناقابلِ شکست 142 رنز اسکور کرکے اپنا نام بیٹ کیری کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں لکھوا لیا ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹیسٹ شارجہ میں جاری ہے۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز زیادہ اچھا نہیں تھا۔ وہ 68 رنز کے مجموعے پر اپنی چار وکٹوں سے محروم ہوچکا تھا۔ تاہم اوپنر بلے باز کریگ بریتھویٹ نے ایک طرف سے مزاحمت جاری رکھی۔ میچ کے تیسرے دن جب ویسٹ انڈیز کا آخری کھلاڑی آؤٹ ہوا تو اسے پاکستان پر 56 رنز کی برتری حاصل تھی۔ 116 اوورز پر مشتمل اننگز میں پاکستانی گیند باز بریتھویٹ کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے جو 318 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 142 رنز بنا کر ناقابل شکست میدان سے واپس آئے۔ یوں وہ 'بیٹ کیری' کرنے والے ساتویں ویسٹ انڈیز بلے باز بنے۔

بریتھ ویٹ کے ہم وطنوں میں سب سے پہلے یہ کارنامہ سر فرینک وورل نے جولائی 1957ء میں انجام دیا تھا۔ جبکہ بریتھویٹ سے پہلے ویسٹ انڈیز کی جانب سے بیٹ کیری کرنے والے آخری بلے باز کرس گیل تھے۔ وہ دسمبر 2009ء میں آسٹریلیا کے خلاف اننگز میں آخر تک ڈٹے رہے تھے۔مجموعی طور پر بریتھویٹ ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹ کیری کرنے والے 51 ویں بیٹسمین ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اب تک چار کھلاڑی بیٹ کیری کرنے والوں کی فہرست میں اپنا نام لکھوا چکے ہیں۔ ان میں نذر محمد بمقابلہ بھارت (1952ء)، مدثر نذر بمقابلہ بھارت (1983ء)، سعید انور بمقابلہ بھارت (1999ء) اور عمران فرحت بمقابلہ نیوزی لینڈ (2009ء) شامل ہیں۔

بریتھویٹ کو ملا کر 9 کھلاڑی پاکستان کے خلاف بیٹ کیری کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ابتدائی دو ٹیسٹ جیت کر پہلے ہی سیریز اپنے نام کرچکی ہے۔