عالمی درجہ بندی؛ ٹنڈولکر سرفہرست بلے باز کے اعزاز سے محروم

1 1,043

دورۂ ویسٹ انڈیز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ سچن ٹنڈولکر کو مہنگا پڑ گیا، اور انہیں عدم شرکت کی وجہ سے بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن سے ہاتھ دھونا پڑ گئے۔ جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں سب سے اوپر آ گئے ہیں۔

سچن ٹنڈولکر کو ویسٹ انڈیز کا دورہ نہ کرنا مہنگا پڑ گیا

عالمی درجہ بندی کے طریق کار کے مطابق ایک ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے پر کھلاڑی اپنے ریٹنگ پوائنٹس کا ایک فیصد کھو دیتا ہے اور کیونکہ ٹنڈولکر تین ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے اس لیے وہ کہیں زیادہ پوائنٹس کھوئیں گے۔

ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے اختتام پر عالمی درجہ بندی کی اہم تبدیلیوں میں راہول ڈریوڈکا سرفہرست 20 کھلاڑیوں میں واپس آنا ہے۔ ڈریوڈ نے جمیکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں کیریئر کی32 ویں سنچری داغ کر بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس سنچری کی بدولت انہیں 45 ریٹنگ پوائنٹس ملے جو انہیں 20 ویں پوزیشن پر لے آئے ہیں۔ جمیکا ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکام ہونے والے وی وی ایس لکشمن پانچ درجے تنزلی کے بعد سرفہرست 10 کھلاڑیوں سے باہر ہو گئے ہیں اور 13 پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

باؤلرز میں کنگسٹن میں چھ وکٹیں حاصل کرنے والے بھارت کے ایشانت شرما 3 درجے ترقی پا کر 11 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین بدستور سرفہرست ہیں جبکہ انگلستان کی جوڑی گریم سوان اور جیمز اینڈرسن دوسری و تیسری پوزیشن پر ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی مکمل عالمی درجہ بندی دیکھنے کے کرک نامہ کا خصوصی صفحہ دیکھئے۔