سری سانتھ عالمی کپ اسکواڈ میں عدم شمولیت پر دل شکستہ

1 1,046

بھارت کے تیز گیند باز سری سانتھ عالمی کپ 2011ء کے لیے اعلان کردہ حتمی دستے میں عدم شمولیت پر دل شکستہ ہیں۔ بھارت نے گزشتہ روز چنئی میں عالمی کپ کے لیے اپنے 15 رکنی حتمی دستے کا اعلان کیا تھا جس میں حیران کن طور پر سری سانتھ کو جگہ نہیں دی گئی ہے۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سری سانتھ نے کہا ہے کہ "میں کبھی ہمت نہیں ہاروں گا۔ مجھے اس کھیل سے محبت ہے اور میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتا رہوں گا۔ گو کہ میں دل شکستہ ہوں لیکن میرا وقت بھی ضرور آئے گا۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ بدستور بہتر کارکردگی دکھاتے رہیں گے چاہے کتنے ہی کم مواقع دستیاب ہوں۔

سری سانتھ نے عالمی کپ میں 'مین ان بلیوز' کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ٹیم عالمی اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ گو کہ میں اس کا حصہ نہیں ہوں گا لیکن میری نظریں مستقبل پر مرکوز ہیں ۔۔۔۔ ہو سکتا ہے اگلا عالمی کپ کھیل سکوں۔ یاد رہے کہ تیز گیند باز نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے لیے تین ٹیسٹ میچز میں یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان کی کارکردگی کی بدولت بھارت سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوا۔

دوسری جانب کئی حلقے سری سانتھ کی عدم شمولیت پر سلیکشن کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے سری سانتھ کی عدم شمولیت پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی حالیہ کارکردگی اور فارم کے باوجود سری سانتھ کا دستے میں شامل نہ ہونا حیران کن ہے۔ عالمی کپ 2011ء میں بھارت کا تیز باؤلنگ کا شعبہ ظہیر خان، اشیش نہرا، مناف پٹیل اور پروین کمار پر مشتمل ہوگا۔