واحد ٹی ٹوئنٹی: سری لنکا کا آل راؤنڈ کھیل؛ انگلستان کو 9 وکٹوں سے شکست

1 1,041

انگلستان کے دورے پر موجود سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی کے موجودہ عالمی چیمپئین کو اس کے اپنے میدان پر چاروں شانے چت کردیا. دونوں مدمقابل ٹیموں کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کے بالکل برعکس کارکردگی نظر آئی. ایک جانب انگلستان کے کھلاڑیوں نے نوآموزوں سے بھی بدتر کھیل پیش کیا تو دوسری جانب سری لنکن بلے بازوں میں عالمی کپ 2011ء کے ان مقابلوں کی جھلک نظر آئی جن میں آئی لینڈرز نے حریف ٹیموں کو بڑے فرق سے شکست فاش دی.

مہیلا جے وردھنے کا 72 رنز کی فتح گر اننگ کے دوران ایک دلکش اسٹروک (تصویر: گیٹی امیجز)

سری لنکن ٹیم کی جانب سے 137 رنز کے آسان ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے مہیلا جے وردھنے اور تقریباَ دو سال کے طویل عرصے بعد ٹیم میں شامل ہونے والے سنتھ جے سوریا کو بھیجا گیا. دونوں بلے بازوں نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے 10 رنز فی اوور کی اوسط سے 40 رنز کی شراکت قائم کی. جے سوریا (8) کے میدان بدر ہونے کے بعد سابق کپتان کمار سنگارا ساتھی کھلاڑی کی مدد کو پہنچے. دونوں کھلاڑیوں نے تیز اور ذمہ دارانہ انداز سے کھیل کو جاری رکھا اور 17.2 اوورز میں ہی مطلوبہ ہدف حاصل کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا. جے وردھنے نے ناقابل شکست 72 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 1 چھکا اور 8 چوکے شامل تھے. دوسری جانب کمار سنگاکارا نے جے وردھنے کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 39 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے. انگلستانی گیند بازوں کی طرف سے 14 فاضل رنز بطور مہمان نوازی پیش کیے گئے.

اس سے قبل سری لنکا کے کپتان تھیلان کندمبے نے ٹاس جیت کر انگلستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی. انگلستانی ٹیم اسٹورٹ براڈ کی قیادت میں دو نئے کھلاڑیوں جیڈ ڈیرنبیچ اور سمت پٹیل کے ہمراہ میدان میں اتری. سری لنکن گیند بازوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتداء ہی میں دونوں انگلستانی اوپنرز کو ٹھکانے لگا دیا. انگلستان کے لیے اس نازک موقع پر مستند کھلاڑیوں کیون پیٹرسن (41) اور این مورگن (47) نے ذمہ دارانہ انداز میں بلے بازی کی اور اسکور کو 95 تک پہنچا دیا. لیکن این مورگن اور پھر 101 کے مجوعہ پر پیٹرسن کی رخصتی کے ساتھ انگلستان کی تباہی کا دہانہ بھی کھل گیا. بعد میں آنے والے بلے باز آئی لینڈرز کی شاندار فیلڈنگ اور نپی تلی گیندوں کا سامنا نہ کرسکے. 136 کے مجموعہ پر انگلستانی اننگ کا اختتام ہوا تو اس میں آخری چھ کھلاڑی کا حصہ صرف 35 رنز تھا. سورنگا لکمل، لسیتھ ملنگا اور جے سوریا نے دو، دو جبکہ نووان کولاسکرا نے ایک وکٹ حاصل کی.

سری لنکا کی 9 وکٹوں سے شاندار کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے اور فتح گر اننگ کھیلنے پر اوپننگ بلے باز مہیلا جے وردھنے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا. اس میچ میں کئی سینئر سری لنکن کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی کے ساتھ ساتھ دو نئے کھلاڑیوں سورنگا لکمل اور جیوان مینڈس کو ڈیبیو کرنے کا بھی موقع دیا گیا.

انگلستان بمقابلہ سری لنکا (واحد ٹی ٹوئنٹی) اسکور کارڈ
بتاریخ: 25 جون 2011ء؛ بمقام: کاؤنٹی گراؤنڈ، بریستول
تنیجہ: سری لنکا 9 وکٹوں سے کامیاب

انگلستان رنز گیندیں چوکے چھکے
مائیکل لیمب ک لسیتھ ملنگا ب سورنگا لکمل 2 6 0 0
کریگ کیسویٹر ک تھیلان کندمبے ب نوان کولاسکرا 4 7 0 0
کیون پیٹرسن ب سنتھ جے سوریا 41 27 3 2
این مورگن ک مہیلا جے وردھنے ب لسیتھ ملنگا 47 32 4 3
روی بوپارا ب جے سوریا 19 22 1 0
سمیت پٹیل رن آؤٹ (جے سوریا) 0 3 0 0
لیوک رائٹ ک تھیسرا پریرا ب سورنگا لکمل 9 12 0 0
کرس ووکس ک جیوان میتھیوس ب لسیتھ ملنگا 7 9 0 0
اسٹورٹ براڈ رن آؤٹ (سنگاکارا / لسیتھ ملنگا) 0 3 0 0
گریم سوان ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز (3 بائے؛ 3 وائڈ؛ 1 نوبال) 7
مجموعہ (20 اوورز؛ 9 کھلاڑی آؤٹ) 136
سری لنکا اوورز میڈان رنز وکٹ
نوان کولاسکرا 3 0 15 1
سورنگا لکمل 4 0 26 2
لسیتھ ملنگا 4 0 15 2
تھیسرا پریرا 2 0 35 0
سورج رندیو 4 0 24 0
سنتھ جے سوریا 3 0 18 2
سری لنکا رنز گیندیں چوکے چھکے
مہیلا جے وردھنے ناٹ آؤٹ 72 57 8 1
سنتھ جے سوریا ک کیون پیٹرسن ب جیڈ ڈیرنبیچ 8 8 1 0
کمار سنگاکارا ناٹ آؤٹ 43 39 5 0
فاضل رنز (3 لیگ بائے؛ 11 وائڈز) 14
مجموعہ (17.2 اوورز؛ 1 کھلاڑی آؤٹ) 137
انگلستان اوورز میڈان رنز وکٹ
کرس ووکس 3 0 31 0
جیڈ ڈیرن بیچ 3 0 18 1
اسٹورٹ براڈ 3.2 0 29 0
سمیت پٹیل 2 0 18 0
گریم سوان 4 0 26 0
روی بوپارا 2 0 12 0