انگلستان پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ اور چار ون ڈے کھیلنے پر رضامند

انگلستان رواں سال کے اواخر میں پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی 20 مقابلے کھیلے گا جس کے لیے مقام کا تعین پہلے ہی کیا جا چکا ہے یعنی پاکستان کی یہ 'ہوم' سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

2010ء کے دورۂ انگلستان میں اسپاٹ فکسنگ تنازع پیدا ہونے کے بعد سے پاک انگلستان کرکٹ تعلقات کشیدہ ہیں

بدھ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرک نامہ کے موصول ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ انگلستان 2011ء-12ء کے موسم سرم میں پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے بھارت جائے گا جس کے بعد پاکستان کے خلاف سیریز کھیلی جائے گی اور بعد ازاں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

انگلستان کے دورۂ بھارت کا آغاز 4 اکتوبر کو حیدرآباد دکن آمد سے ہوگا جس کے بعد ٹیم حیدرآباد، دہلی، موہالی، ممبئی اور کولکتہ میں ایک روزہ مقابلے کھیلے گی اور اس کے بعد واحد ٹی ٹوئنٹی بھی کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں ہوگا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کا حتمی شیڈول جاری نہیں کیا جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا البتہ اگلے سال مارچ و اپریل میں دورۂ سری لنکا کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق انگلش ٹیم گال اور کولمبو میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

انگلستان کا دورۂ بھارت

14 اکتوبر 2011ء بھارت بمقابلہ انگلستان پہلا ایک روزہ حیدرآباد دکن
17 اکتوبر 2011ء بھارت بمقابلہ انگلستان دوسرا ایک روزہ دہلی
20 اکتوبر 2011ء بھارت بمقابلہ انگلستان تیسرا ایک روزہ موہالی
23 اکتوبر 2011ء بھارت بمقابلہ انگلستان چوتھا ایک روزہ ممبئی
26 اکتوبر 2011ء بھارت بمقابلہ انگلستان پانچواں ایک روزہ کولکتہ
29 اکتوبر 2011ء بھارت بمقابلہ انگلستان واحد ٹی ٹوئنٹی کولکتہ

انگلستان بمقابلہ پاکستان بمقام متحدہ عرب امارات

مقامات اور مکمل شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

انگلستان کا دورۂ سری لنکا

26 تا 30 مارچ 2012ء سری لنکا بمقابلہ انگلستان پہلا ٹیسٹ گال
3 تا 7 اپریل 2012ء سری لنکا بمقابلہ دوسرا ٹیسٹ کولمبو

Facebook Comments